| Punjab Minister for Minorities Affairs Ramesh Singh Arora inaugurated the Matthew 10 International Mobile Ambulance Clinic for underprivileged communities. |
قصور ( نوائے مسیحی نیوز):صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے “میتھیو 10 انٹرنیشنل موبائل ایمبولینس کلینک” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں طارق گل اور اعجاز عالم بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے موبائل کلینک کا تفصیلی دورہ کیا اور اس میں فراہم کی گئی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہیں منصوبے کے مختلف شعبوں اور دیہی علاقوں میں طبی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
یہ فلاحی منصوبہ ریورنڈ ریحان ڈینیئل کی قیادت میں شروع کیا گیا ہے، جو پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان کے قصور پریسبیٹری کے سی ای او اور ماڈریٹر ہیں۔ منصوبے کا مقصد پنجاب کے ان مستحق اور پسماندہ افراد تک بنیادی طبی سہولیات پہنچانا ہے جو مہنگے ہسپتالوں تک رسائی نہیں رکھتے۔
منتظمین کے مطابق موبائل ایمبولینس کلینک میں ابتدائی طبی معائنہ، ادویات، بنیادی ٹیسٹ اور مریضوں کی رہنمائی جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ دور دراز علاقوں کے افراد کو بروقت علاج میسر آ سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ منصوبہ خاص طور پر بھٹہ خشت پر کام کرنے والے مزدوروں اور کم آمدن رکھنے والے خاندانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا، جو مالی مشکلات کے باعث مناسب طبی سہولیات سے محروم رہتے ہیں۔
شرکاء نے اس اقدام کو سماجی خدمت اور انسانیت کی فلاح کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے مزید منصوبے مستقبل میں بھی شروع کیے جائیں گے۔
إرسال تعليق
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation