کوئٹہ میں پاسٹر شاہد اور ان کی فیملی کو سپردِ خاک، مسیحی برادری سوگوار



کوئٹہ (نمائندہ خصوصی نوائے مسیحی نیوز) پاسٹر شاہد اور فیملی جو گزشتہ روز گیس لیکج کے باعث انتقال کر گئے تھے انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔ آج کوئٹہ میں مسیحی برادری کے لیے ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا لمحہ تھا جب پاسٹر شاہد اور ان کی پوری فیملی کو انتہائی رنج و غم کے عالم میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اس سانحے نے نہ صرف مقامی بلکہ ملک بھر کی مسیحی برادری کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔


تدفین کے موقع پر مسیحی برادری کے مختلف رہنما، خادمینِ دین اور بڑی تعداد میں مسیحی افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاسٹر ولسن فضل، پاسٹر ستار، پاسٹر کامران، پاسٹر عمران یونس، پاسٹر عصمت، پاسٹر یعقوب سمیت دیگر مذہبی رہنماؤں اور مبشرین نے شرکت کی اور مرحومین کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔


شرکاء نے مرحومین کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاسٹر شاہد ایک نیک، خدمت گزار اور دین کی خدمت میں سرگرم شخصیت تھے جنہوں نے اپنی زندگی خداوند کی خدمت اور لوگوں کی رہنمائی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔


اس موقع پر سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور ان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے دعا کی کہ خداوند تعالیٰ مرحومین کو اپنے جلالی حضور میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

أحدث أقدم