سکھ گلوبل ایوارڈ کے حصول پر سردار رمیش سنگھ اروڑا کو مبارکباد، مینارٹی ایڈوائزری کونسل کا اظہارِ مسرت

Sardar Ramesh Singh Arora receives congratulations on winning Sikh Global Award in USA
مینارٹی ایڈوائزری کونسل کے اراکین کی جانب سے سردار رمیش سنگھ اروڑا کو سکھ گلوبل ایوارڈ کے حصول پر مبارکباد

 لاہور (نوائے مسیحی نیوز) سکھ گلوبل ایوارڈ کے حصول پر سردار رمیش سنگھ اروڑا کو مبارکباد، مینارٹی ایڈوائزری کونسل کا اظہارِ مسرت


صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا کو امریکہ میں سکھ گلوبل ایوارڈ حاصل ہونے پر مینارٹی ایڈوائزری کونسل برائے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے اراکین نے مبارکباد پیش کی۔


اس سلسلے میں ایک ملاقات کے دوران کنوینیر مینارٹی ایڈوائزری کونسل حکومت پنجاب عقاب عالم، ممبر مینارٹی ایڈوائزری کونسل حکومت پنجاب عظیم کنول چوہان، وسیم راجہ، انیل سھوترا، شیراز عارف، اجمل کھوکھر اور دیگر اراکین نے سردار رمیش سنگھ اروڑا سے ملاقات کی اور انہیں اس اہم بین الاقوامی اعزاز کے حصول پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


وفد نے کہا کہ سردار رمیش سنگھ اروڑا نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور سماجی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ سکھ گلوبل ایوارڈ کا حصول ان کی مسلسل محنت، قیادت اور عوامی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔


اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اعزاز نہ صرف سردار رمیش سنگھ اروڑا کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پاکستان کی تمام اقلیتی برادریوں کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اعزازات پاکستان کے مثبت تشخص اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


ملاقات کے دوران اقلیتی برادری کو درپیش مختلف مسائل، فلاحی منصوبوں اور ترقیاتی تجاویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد کے اراکین نے اقلیتوں کے مسائل اور ان کے حل کے لیے مختلف سفارشات پیش کیں، جنہیں صوبائی وزیر نے توجہ سے سنا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔


اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے وفد کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کی تمام اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود، مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور ترقی کے لیے اپنی خدمات پہلے سے زیادہ جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔


وفد نے سردار رمیش سنگھ اروڑا کی مزید کامیابیوں، صحت اور نیک نامی کے لیے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اقلیتی برادریوں کی نمائندگی اور خدمت کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھاتے رہیں گے۔


Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

أحدث أقدم