مسیحی شاعر پرویز بزمی سپرد خاک، تدفین کہاں ہوئی ، کون شامل ہوا؟ جانیں

مسیحی شاعر  پرویز بزمی  سپرد خاک، تدفین کہاں ہوئی ، کون شامل ہوا؟ جانیں

 سیالکوٹ(رپورٹ؛ مس شبانہ، کوآرڈینیٹر) معروف شاعرو ادیب  پرویز بزمی ستر برس کی عمر میں خدا وند سوگئے۔

 پرویز بزمی کا شمار دنیا بھر کے معروف مسیحی شعراء، ڈرامہ نگاروں، رائٹرز، ادیبوں اور دانشوروں  میں ہوتا ہے اور فن موسیقی میں ان کی تعلیمات طالب علموں کے لیے مثالی ہیں۔

پرویز بزمی سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں پیدا ہوئے بعد میں ان کے والدین سیالکوٹ شہر میں آگئے جہاں انہوں نے تعلیم  حاصل کی۔


یہ بھی پڑھیں؛پاسٹر نعیم پرشاد کی اہلیہ خداوند میں سو گئیں، گورا قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا


 پرویز بزمی نہایت ملنسار اور ہنس مکھ انسان تھے مرحوم کی آخری رسومات کیتھیڈرل سکول کرسچن ٹاؤن سیالکوٹ میں ادا کی گئیں۔ریورنڈ فادر اشرف گل، ریورنڈ فادر عابد البرٹ، ریورنڈ فادر جاوید اکرم،ریورنڈ فادر فیصل نے پرویز بزمی کی آخری رسومات میں پاک ماس کی قربانی گزرانی اور جنازے کی رسومات کے دوران ان کے حالات زندگی کو بیان کرتے ہوئے بتایا کیا کہ وہ مقدسہ ماں مریم کے عقیدت مند اور روزری کے پابند تھے۔

 ان کی شاعری مثالی تھی اور فن موسیقی میں ان کا کوئی ثانی نہ تھا انہیں قوم کی ترقی کی فکر رہتی اور دوسروں کے دکھ درد کے حل کے لیے جدوجہد میں لگے رہتے ۔

انہوں نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم پنڈت قیوم سے حاصل کی اور موسیقی میں ان کا انداز دل موہ لینے والا تھا۔

پرویز بزمی کی آخری رسومات میں ،بابوافضال، بابو اعظم، پادری شکیل عزیزواقارب کے علاوہ معروف شاعروں ادیبوں، گلوکاروں،صحافیوں،وکلاء۔ ٹیچرز اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 پرویز بزمی کے بھائی عارف بھٹی نے میڈیا کو بتایا کہ پرویز بزمی کے بچھڑ جانے کا بڑا صدمہ ہوا ہے ان جیسا بھائی کبھی نہیں ملے گا۔ مرحوم نے خاندان کے وقار کو بڑھانے کے لیے اپنی بے شمار خدمت کو پیش پیش رکھا ہماری دعا ہے کہ خدا انہیں اپنے مقدسین میں شامل کرے ۔

 اس موقع پر سوگواران کوپرویز بزمی کا آخری دیدار کروایا گیا اور انہیں شاہانہ لباس میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ان کے پسماندگان میں بیوی اور ایک بیٹا شامل ہے۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی