اپنے کام سے محبت اور ذمہ داری آپ کی پہچان بناتی ہے۔ ایازمورس

اپنے کام سے محبت اور ذمہ داری آپ کی پہچان بناتی ہے۔ ایازمورس

کراچی(نوائے مسیحی نیوز)”ہروہ انسان جو ذمہ داری سے اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے لیڈر کہلاتا ہے کیونکہ لیڈرشپ کا مطلب ذمہ داری ہے۔“ان خیالات کا اظہار ٹرینر اور موٹیویشنل اسپیکر ایازمورس نے سینٹ جوزف کانونٹ سکول کے ڈومیسٹک اسٹاف کیلئے منعقد خصوصی سیشن میں کیا۔ہفتہ 5فروری2022 کو سینٹ جوزف کانونٹ سکول کی پرنسپل سسٹر الزبتھ نیامت کی سربراہی میں سکول کے تمام ڈومیسٹک سٹاف کیلئے ایک روزہ خصوصی ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد جنرل اسٹاف کی حوصلہ افزائی،تعلیم وتربیت اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دینے کیلئے متحرک کرنا تھا۔



پروگرام کے آغاز میں سپروائزر جمیل بھٹی نے دعامیں رہنمائی کی اور ایازمورس کوسپروائزمنیرولسن نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جس کے بعدسیکورٹی انچارج اقبال رفیق نے پروگرام کے اعراض و مقاصد بیان کئے۔ایازمورس نے ملٹی میڈ یا کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پریزینٹیشن کو بڑی عمدگی اور عام فہم انداز میں پیش کیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔


یہ بھی پڑھیں؛اپنے خواب بڑے اورارادے بلند رکھیں؛ایازمورس


ایازمورس نے شرکاء کے تجربات،اپنی زندگی کے براہِ راست واقعات اور عملی سرگرمیوں سے واضح کیا کہ زندگی کے ہر شعبہ  میں کامیابی اور اپنی منفرد پہچان بنانے کیلئے بڑی سوچ، محنت و ذمہ داری اور اپنے کام سے وفاداری ہی اصل وجہ ہوتی ہے۔رتبے ومرتبے کا فرق کام اور ذمہ داری پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے کیونکہ کام چھوٹا بڑا نہیں ہوتا بلکہ اسے سرانجام دینے والے کی سوچ پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ اپنے کام کے بارے میں کیا تاثرات رکھتا ہے۔



پرنسپل سسٹر الزبتھ نیامت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایازمورس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ایازمورس نے اپنی محنت،لگن اور جد وجہد سے اپنا نام بنایا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔سسٹر الزبتھ نیامت نے شرکاء کو تلقین کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ آج کے دور میں والدین کیلئے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت بہت بڑاچیلنج ہے۔

پروگرام کے اختتام پر سسٹر کیتھرین جیمس ایف سی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایازمورس نے آج ہمارے دلوں کی زمین پر اچھائی کا بیج بو کر اپنا کام پورا کر دیا ہے۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بیج کی کیسے پرورش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایازمورس نے نہایت عمدگی سے شرکاء کے معیار کو سمجھتے ہوئے اپنی سوچ اور تجربات کو شیئر کیا جو قابلِ تعریف ہے۔واضح رہے کہ یہ پروگرام اپنی نوعیت کے اعتبار سے اس لئے منفرد اور مختلف تھاکہ اس میں ڈومیسٹک سٹاف کی ٹریننگ کو خصوصی ترجیح دی گئی جس کیلئے سینٹ جوزف کانونٹ سکول کی انتظامیہ دادکی مستحق ہے۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی