چکدرہ میں ہولی سپرٹ چرچ کا دورہ، وزیر زادہ کلاش کی مسیحی برادری سے ملاقات، مسائل سننے اور تعاون کی یقین دہانی

 
فیصل آباد (رپورٹ: عدیل ابراہیم کھوکھر، نوائے مسیحی کوآرڈینیٹر)
چکدرہ میں واقع ہولی سپرٹ چرچ کا دورہ وزیر زادہ کلاش نے کیا، جہاں انہوں نے مسیحی برادری کے افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔

اس موقع پر بشپ شکیل چراغ صاحب اور پادری موسیٰ صاحب نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ دورے کے دوران بتایا گیا کہ اس علاقے میں کرسچن کمیونٹی کے پاس عبادت کے لیے کوئی مستقل جگہ موجود نہیں تھی، جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا تھا۔

بشپ شکیل چراغ صاحب اور پادری موسیٰ صاحب نے ذاتی کوششوں سے ایک پریئر ہال (نماز/دعا ہال) کرائے پر حاصل کیا، جہاں اب باقاعدگی سے عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس پریئر ہال کا افتتاح حبقوق گل صاحب، جنرل سیکرٹری انصاف مائنارٹی ونگ سنٹر نے کیا، جبکہ وزیر زادہ کلاش بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔

افتتاحی تقریب کے دوران ایک دعائیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں برادری کے افراد نے شرکت کی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعائیں کیں۔

کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ کلاش نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مذہبی ہم آہنگی ایک روشن مثال ہے اور حکومت تمام اقلیتوں کو برابر حقوق اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کی بہتری اور اقلیتی برادری کی فلاح کے لیے جاری منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جن عبادت گاہوں کو ابھی تک سہولیات فراہم نہیں ہو سکیں، انہیں بھی جلد ان منصوبوں میں شامل کیا جائے گا۔

اس موقع پر حبقوق گل صاحب جنرل سیکرٹری انصاف اقلیتی ونگ سنٹر، پردیپ کمار سنیر وائس پریزیڈنٹ انصاف مائنارٹی ونگ خیبر پختونخوا، راحت نذیر انفارمیشن سیکرٹری انصاف اقلیتی ونگ، بلوانت کمار صدر انصاف مائنارٹی ونگ ملاکنڈ ڈویژن، ہارون مسیح سنیر وائس پریزیڈنٹ، یشوانت کمار فوکل پرسن ڈسٹرکٹ ایڈوائزری کمیٹی چیئرمین، سید غفار باچا صاحب اور ہارون سربدیال (سماجی کارکن و مذہبی عالم) بھی موجود تھے۔

ہارون سربدیال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بشپ صاحب کی کاوشوں اور صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام مقامی کمیونٹی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

آخر میں وزیر زادہ کلاش نے مسیحی برادری کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی