ایم پی اے طارق مسیح گل اور ایم پی اے عمانوئیل اطہر جولیس کی شرکت، گریجویٹس میں اسناد تقسیم
![]() |
| First Apostolic Theological Seminary Convocation Tatlay Aali Pakistan |
تاریخ: 9 مارچ 2026
گوجرانوالہ (رپورٹ؛ سلمان منسی، نوائےمسیحی )
تتلے عالی میں فرسٹ اپاسٹالک تھیولاجیکل سیمنری کی پانچویں سالانہ کانووکیشن نہایت روحانی اور پروقار ماحول میں منعقد ہوئی۔ اس بابرکت تقریب میں مذہبی رہنماؤں، سماجی شخصیات، طلبہ و طالبات، گریجویٹس اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے آغاز میں اپاسٹالک کوائر نے مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا۔ کوائر کی جانب سے زبور کے روحانی گیت پیش کیے گئے جبکہ مہمانوں پر گل پاشی اور مالائیں پہنا کر خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر پورا ہال روحانی جوش اور خوشی کے جذبات سے بھر گیا۔
خدا کے کلام کی منادی
تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر زکریاہ قمر نے خدا کے کلام کی منادی کرتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیم ایک مسیحی کی روحانی زندگی کو مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ نہ صرف دنیاوی تعلیم میں آگے بڑھیں بلکہ بائبل کی تعلیمات کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی پیدا ہو سکے۔
ایم پی ایز کا خطاب
تقریب میں طارق مسیح گل ایم پی اے پنجاب اور عمانوئیل اطہر جولیس ایم پی اے پنجاب نے بھی خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کرنی چاہیے کیونکہ یہی تعلیم انہیں ایک باکردار اور ذمہ دار شہری بناتی ہے۔
انہوں نے پرنسپل پاسٹر ڈاکٹر مرقس شریف کی دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد بھی دی اور کہا کہ ان کی قیادت میں سیمنری روحانی تعلیم کے میدان میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔
گریجویٹس میں اسناد کی تقسیم
تقریب کے دوران سنڈے سکول ٹیچر ٹریننگ سمیت فرسٹ اپاسٹالک تھیولاجیکل سیمنری کے مختلف کورسز مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ گریجویٹس اور ان کے اہل خانہ کے لیے یہ ایک یادگار اور خوشی کا لمحہ تھا۔
اس موقع پر بیسٹ اسٹوڈنٹ ایوارڈ لاہور سے تعلق رکھنے والی طالبہ نورین نبیل نے حاصل کیا جسے حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔
نئے صلیبی گیت کا افتتاح
تقریب کے دوران ایک اہم روحانی لمحہ اس وقت آیا جب پاسٹر ڈاکٹر مرقس شریف کے تحریر کردہ اور سسٹر کائنات مرقس کی آواز میں گائے گئے صلیبی گیت
“پسلی میں نیزہ، ہاتھوں میں کیل، کانٹوں کا تاج دیا”
کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ اس گیت نے حاضرین کے دلوں کو روحانی طور پر متاثر کیا۔
نمایاں شخصیات کی شرکت
تقریب میں پروفیسر سہیل بشیر، ریورنڈ ڈاکٹر فیاض انور، پاسٹر بابو پولس گل، پاسٹر مجید مسیح، پاسٹر شمشاد مسیح، پاسٹر فیاض مسیح ناہرا، پاسٹر شہزاد سہوترا، پاسٹر تنصر مسیح، پاسٹر شہزاد عظیم سندھو، پاسٹر مبارک خان، پاسٹر جاوید گل، پاسٹر اسلم مسیح، افضال بھٹی، عمران نیامت سہوترا، جیمس ایم ناز، جارج مسیح سہوترا، رفیق خاور سہوترا، پطرس سہوترا، فیاض ایم سہوترا، چوہدری عابد، سید گل، سلامت کھوکھر، ڈاکٹر شاہد گل، بابر شہزاد بھٹی اور معروف صحافی شہزاد مسیح سونی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
حسنِ کارکردگی ایوارڈ
تقریب کے دوران فرسٹ اپاسٹالک تھیولاجیکل سیمنری کی ایڈمنسٹریٹر سسٹر آستر مرقس کو ان کی بہترین خدمات کے اعتراف میں حسنِ کارکردگی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سالگرہ کا کیک اور خصوصی دعائیں
تقریب کے اختتام پر پاسٹر ڈاکٹر مرقس شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت، سلامتی اور عمرِ درازی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ افواج پاکستان، سکیورٹی اداروں، پولیس اور ملکی انتظامیہ کے لیے بھی دعا کی گئی کہ خداوند ہمارے ملک میں امن، استحکام اور برکت عطا فرمائے۔
آخر میں پرنسپل پاسٹر ڈاکٹر مرقس شریف نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ خدا کے کلام کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور معاشرے میں محبت، خدمت اور امن کا پیغام پھیلائیں۔
اللہ تعالیٰ اس تعلیمی اور روحانی خدمت کو مزید برکت دے اور ہمارے نوجوانوں کو ایمان اور علم کے ساتھ قوم و ملت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation