فیصل آباد میں صنفی مساوات پر ورکشاپ کا انعقاد

فیصل آباد میں  صنفی مساوات پر  ورکشاپ کا انعقاد


فیصل آباد (کوارڈینیٹر فیصل آباد  عدیل ابراہیم کھوکھر) ویمن شیلٹر آرگنائزیشن فیصل آباد نے ای-لائبریری میں مرد، خواتین اور خواجہ سرا افراد کے لیے صنفی مساوات کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ 
اس موقع پر نوائے مسیحی کے فیصل آباد کوآرڈینیٹر عدیل ابراہیم کھوکھر بھی موجود تھے۔ورکشاپ میں تحفظ سنٹر کی انچارج پولیس انسپکٹر گلناز، ایڈووکیٹ نورین امجد، شیلپا اور جیکسن سونیا بطور مقررین شریک ہوئیں۔

رضیہ عزیز، صدر ویمن شیلٹر آرگنائزیشن، نے صنفی مساوات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ سرا افراد کو بھی وہی بنیادی حقوق حاصل ہیں جو مرد و خواتین کو حاصل ہیں اور معاشرے میں ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے آگاہی اور قانونی نفاذ ضروری ہے۔

ایڈووکیٹ نورین امجد نے پاکستان میں عورتوں اور خواجہ سرا افراد کے درپیش مسائل کا علمی جائزہ پیش کیا اور ان مسائل کے حل کے لیے قانونی تجاویز اور سفارشات دیں۔ پولیس انسپکٹر گلناز نے تحفظ سنٹر کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خواجہ سرا افراد کے تحفظ کے لیے اب تک کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

 شیلپا نے معاشرتی رویوں اور تعصبات پر کھل کر بات کی جبکہ شوکت جاوید نے خواجہ سرا افراد کی تاریخی اہمیت، خصوصاً مغلیہ دور میں ان کے کردار اور ان کے موجودہ مسائل کے حل کے لیے عملی تجاویز شیئر کیں۔شرکاء نے آئندہ شعوری مہمات، قانونی رہنمائی اور سماجی مداخلت کے ذریعے خواجہ سرا اور دیگر کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ پر اتفاق کیا۔ ورکشاپ کا مقصد معاشرتی شعور بیدار کرنا اور صنفی مساوات کے لیے ٹھوس اقدامات کی راہ ہموار کرنا بتایا گیا۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی