مینارٹی کمیونٹی کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور وطن سے والہانہ محبت کا مظاہرہ



رحیم یار خان (16 مئی، بروز جمعہ): ڈسٹرکٹ رحیم یار خان میں مینارٹی کمیونٹی کی جانب سے یومِ تشکر بھرپور جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ یہ دن پاکستان سے وفاداری، امن، بھائی چارے اور افواجِ پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے وقف تھا۔


تقریب میں خصوصی طور پر ان ہیروؤں کو یاد کیا گیا جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں، بالخصوص مینارٹی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کامران بشیر مسیح کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے انڈیا کے خلاف جنگ میں دلیرانہ کردار ادا کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔


ریلی میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان، قومی اتحاد، اقلیتوں کے کردار اور ملک کی سالمیت کے حق میں نعرے درج تھے۔ دعاؤں کی محفل میں ملک پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن اور اس کے محافظوں کو سلامت رکھے، آمین۔


اس پرامن اور منظم ریلی میں مختلف مذاہب اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، جن میں ظہیر عالم، پاسٹر برنباس ظفر، پاسٹر ڈینیل، ہارون چیدہ، سیمسن جیمس، یو شیب عالم سمیت دیگر معزز افراد شامل تھے۔ شرکاء نے "فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد" کے نعروں سے فضا کو گونج دار بنا دیا۔


یومِ تشکر کا یہ دن اس بات کا عملی مظہر تھا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں وطن سے محبت میں کسی سے پیچھے نہیں، اور وہ ہر موقع پر اپنی وفاداری، قربانی اور یکجہتی کا ثبوت دیتی ہیں۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی