بہاولپور (سلمان منسی ڈویژنل کو آرڈینیٹر) بہاول نگر میں سینٹری ورکرز کے ساتھ غیر انسانی سلوک کا انکشاف ہوا ہے۔ پکے ملازمین زید مسیح، یونس مسیح سمیت دیگر صفائی کے عملے نے بتایا کہ انہیں ڈیوٹی کے دوران نہ تو پانی پینے کی اجازت ہے اور نہ ہی کچھ کھانے کی۔ جبکہ ان کی ڈیوٹی کا وقت بھی غیرمعمولی حد تک طویل ہے۔
ان ورکرز کا کام سخت گرمی میں سڑکوں پر انجام پاتا ہے، جو کہ انسانی برداشت سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز شدید گرمی، بھوک اور پیاس کے باعث ایک خاتون سینٹری ورکر بے ہوش ہو گئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس واقعے کے بعد تمام ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بنیادی سہولیات دی جائیں، ڈیوٹی کے دوران پانی اور آرام کا وقت دیا جائے، اور ہمارا کام عزت اور انصاف کے ساتھ تسلیم کیا جائے۔
ملازمین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بہتری کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ہماری آواز کو نہ سنا گیا تو ہم آئندہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔
آج کے احتجاج میں کام کے حقوق کا مطالبہ
آج ہم یہاں صرف اپنے لیے نہیں، بلکہ ہر اُس ورکر کے حق کے لیے کھڑے ہیں جو خاموشی سے 8 سے 9 گھنٹے کام کرتا ہے، لیکن اُسے بنیادی انسانی سہولتیں بھی میسر نہیں۔
ہم روزانہ 9 گھنٹے کی طویل ڈیوٹی دیتے ہیں، مگر ہمیں ڈیوٹی روستر (شیڈول) تک نہیں دیا جاتا۔ ہم یہ بھی نہیں جان پاتے کہ کب چھٹی ہوگی، کب کام ختم ہوگا۔ اس غیر یقینی صورتحال میں ہماری جسمانی اور ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔
مزید افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمیں کھانے کا وقت نہیں دیا جاتا، نہ ہی پانی پینے یا آرام کا مناسب وقفہ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں کم از کم 1 گھنٹے کا بریک دیا جائے تاکہ ہم انسانی ضرورتیں پوری کر سکیں۔
اور سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ ہمیں رفع حاجت کے لیے بھی وقت یا اجازت نہیں دی جاتی، حالانکہ ہمارے کچھ ورکرز ایسے بھی ہیں جو خود مریض ہیں، اور جنہیں بار بار واش روم کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ رویہ سراسر ظالمانہ اور غیر انسانی ہے۔
ہم آج کے اس احتجاج کے ذریعے پرزور مطالبہ کرتے ہیں:
1. ہمیں واضح ڈیوٹی روستر دیا جائے
2. 8 گھنٹے کی ڈیوٹی میں کم از کم 1 گھنٹے کا کھانے اور آرام کا وقفہ دیا جائے
3. پانی اور واش روم کی سہولت فوری طور پر فراہم کی جائے
4. مریض ورکرز کے لیے خصوصی نرمی کی جائے
یہ ہمارے حق ہیں، کوئی احسان نہیں۔
بہاول نگر: سینٹری ورکرز کے ساتھ ناروا سلوک، شدید گرمی میں ایک ملازمہ بے ہوش، ملازمین کا احتجاج
ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation