اقلیتی پی ٹی آئی ورکرز کو دانستہ سائیڈ لائن کیا جا رہا ہے، کابینہ میں نمائندگی نہیں دی گئی: آکاش مسیح

PTI Minority Wing Leader Akash Masih Raises Concerns Over Minority Workers Representation

PTI Minority Wing Leader Akash Masih Raises Concerns Over Minority Workers Representation


 پاکستان تحریک انصاف اقلیتی ونگ خیبر پختونخوا کے سینئر نائب صدر آکاش مسیح نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اقلیتی ورکرز کو ہر پلیٹ فارم پر دانستہ طور پر سائیڈ لائن کیا جا رہا ہے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل سے دور رکھا جا رہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مخلص اور دیرینہ اقلیتی کارکنان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جبکہ ترجیح ایسے اقلیتی ایم پی ایز کو دی جا رہی ہے جو فارم 47 کے ذریعے اسمبلیوں میں آئے۔


آکاش مسیح نے کہا کہ یہ طرز عمل عملی طور پر پی ٹی آئی کے وفادار اقلیتی کارکنوں کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کے باوجود کسی بھی اقلیتی ورکر کو صوبائی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا، جو نہ صرف کارکنان کی حوصلہ شکنی ہے بلکہ پارٹی کے بنیادی نظریے سے بھی متصادم ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ میرٹ، انصاف اور اقلیتوں کو بااختیار بنانے کی بات کی، مگر موجودہ صورتحال ان اصولوں کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔ ان کے مطابق اقلیتی ورکرز نے مشکل حالات میں پارٹی کا ساتھ دیا، لیکن اب انہیں نمائندگی اور مواقع سے محروم رکھا جا رہا ہے۔


آکاش مسیح نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتی کارکنان کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور انہیں حکومتی و تنظیمی سطح پر مناسب نمائندگی دی جائے تاکہ انصاف اور مساوات کے دعوے عملی طور پر بھی نظر آئیں۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

أحدث أقدم