![]() |
کراچی (ماسٹر نیوز)کاتھولک ویمن آرگنائزیشن،آرچ ڈایوسیس کی جانب سے یومِ امن کے حوالے سے ایک خوبصورت پروگرام کا انعقاد گُڈ شیپرڈ پیرش کے علاقے سینٹ جان میری ویانی کاتھولک چرچ، کورنگی نمبر ساڑھے تین میں کیا گیا۔تقریب میں چرچ گروپس، گھریلو خواتین اور نوجوان لڑکیوں نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کے مہمانِ خصوصی اور مقرر معروف اسپیکر و ٹرینر ایاز مورس تھے۔پروگرام کا آغاز علاقائی انچارج ماسٹر سیموئل سردار کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جنہوں نے مہمانِ مقرر اور منتظمین کو خوش آمدید کہا اور پھولوں کے ہار پیش کیے۔کاتھولک ویمن آرگنائزیشن کی کوآرڈینیٹر سسٹر کیتھرین قیصر نے تنظیم کے مقاصد اور پروگرام کے اغراض بیان کرتے ہوئے کہا کہ کاتھولک ویمن آرگنائزیشن کا مقصد خواتین میں خود اعتمادی پیدا کرنا، سماجی شعور اجاگر کرنا اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
اپنے خطاب میں ایاز مورس نے عالمی سطح پر امن کی موجودہ صورتحال، اس کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ امن ہماری بنیادی ضرورت ہے۔ جب ہم خود امن میں ہوں گے تو دوسروں کے لیے بھی امن کا سبب بنیں گے۔ امن پسندانسان، خاندان اور کمیونٹی ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہے۔ایاز مورس نے مزید کہا کہ امن ایک الٰہی صفت ہے جو پوری انسانیت کی ضرورت ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اسے کمزوری سمجھا جاتا ہے۔ ترقی یافتہ معاشروں کی کامیابی میں امن کا مرکزی کردار ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یومِ امن منانے کا مقصد ہمیں اس ذمہ داری کی یاد دہانی کرانا ہے کہ دُنیا میں امن قائم رکھنے اور فروغ دینے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔اور ہمیں اس کا آغاز اپنے گھروں سے کرنا چاہئے۔پروگرام کے اختتام پر سسٹر کیتھرین قیصرنے پیرش پریسٹ فادر آصف جون، ماسٹرسیموئل سردار، مقرر ایاز مورس سمیت تمام منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation