بھمبر (نوائے مسیحی نیوز)چیئرمین نوائے مسیحی،
معروف مسیحی صحافی اور سماجی رہنما جناب شکیل انجم ساون نے پوپ کے انتقال پر گہرے
رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ " پوپ فرانسس کے انتقال سے دنیا آج
امن، سلامتی، بھائی چارے اور انسانیت کے لیے ایک موثر آواز سے محروم ہوگئی
ہے۔" انہوں نے کہا کہ پوپ نہ صرف کیتھولک برادری کے روحانی پیشوا تھے بلکہ
مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی، بین المذاہب مکالمے اور عالمی امن کے لیے ایک
مضبوط ستون تھے۔
شکیل انجم ساون کا کہنا تھا کہ پوپ نے ہمیشہ
انصاف، بین المذاہب ہم آہنگی ،غربت کے خاتمے، مہاجرین کے حقوق، اور اقلیتوں کے
تحفظ کی بات کی بلکہ فلسطین، روہنگیا اور دنیا بھر میں مظلوم انسانوں کے لیے ایک
جرات مند آواز تھے ان کی تعلیمات نے دنیا بھر کے لوگوں کو محبت، برداشت اور خدمت
خلق کا درس دیا۔ وہ ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے مذہب کو نفرت کا ذریعہ نہیں، بلکہ
محبت، رواداری اور ہم آہنگی کا وسیلہ بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوپ کی شخصیت میں
عاجزی، سادگی اور سچائی نمایاں تھی۔ ان کا انداز قیادت نہایت مشفقانہ اور انسان
دوست تھا۔ ان کے الفاظ دنیا کے مظلوموں کے لیے امید کی کرن تھے، اور وہ ہر معاملے
میں انسانیت کو مقدم رکھتے تھے۔ پوپ کا دنیا سے چلے جانا ایک ناقابل تلافی نقصان
ہے، لیکن ان کی تعلیمات اور اقدار ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گی۔ ہم دعا گو ہیں کہ
خدا انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور دنیا کو ان جیسا دوسرا رہنما عطا کرے
جو امن و آشتی کا پیامبر ہو۔
ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation