گجرات (رپورٹ؛ آصف خورشید، نوائے مسیحی ) میثاق سنٹر گجرات میں یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد
میثاق سنٹر گجرات میں یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں انسپکٹر میڈم فرزانہ،ہولی روزری کیتھولک پیرش گجرات کی طرف سے بابو طارق عاصی اور گجرات کی مسیحی کمیونٹی نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر میڈم فرزانہ نے کہا کہ میں کرسچن کمیونٹی گجرات کی تہہ دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے ہماری دعوت پر اس تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن قابل فخر اور قابل احترام ہے ۔ پاکستان کا جھنڈا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تمام اقلیتیں پاکستان کا حصہ ہیں اور انہیں برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ میثاق سنٹر میثاقِ مدینہ کی مثال کو لیتے ہوئے قائم کئے گئے ہیں جہاں ایسے لوگوں کو مقرر کیا جاتا ہے جو تمام مذاہب میں رواداری، ہم آہنگی اور مساوات کے لیے کام کرتے ہیں اور تمام انسانوں کو برابرسمجھتے ہیں۔انہوں نے گجرات کی کرسچن کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جوہمیشہ اشتراک کرتے ہیں اور ہر طرح کے حالات میں مقامی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ پولیس میں جب بھی کرسچن کمیونٹی کو ضرورت پڑے تو ان کے ساتھ بطور اقلیتی کمیونٹی ہمیشہ برابری کا سلوک کیا جائےگا۔
بابو طارق عاصی نے کہا کہ آج کے دن چرچز اور تمام مقدس مقامات پر ملکی سلامتی، بقا اور ترقی کے لیے عبادات ہورہی ہیں کرسچن کمیونٹی کے فیصلہ کن ووٹ کے باعث آج گجرات اور پنجاب پاکستان کا حصہ ہیں۔ مسیحی طب، تعلیم اور دیگر شعبہ زندگی میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ہم ہمیشہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے فکر مند اور دعا گو رہتے ہیں۔
سینٹ اینڈریوز چرچ سے جناب احسان سندھونے بھی یوم آزاد کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے میثاق سنٹر کی افادیت اور پاکستان کے قیام و ترقی میں کرسچن کمیونٹی کے کردار پر روشنی ڈالی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور مسیحی کمیونٹی کی طرف سے دعا سے کیا گیا ۔ آخر میں پاکستان کے 77ویں یوم آزاد ی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا ۔
إرسال تعليق
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation