ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے متعلق ایک پادری نے پہلے ہی پیشن گوئی کردی تھی

 


ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے متعلق ایک پادری نے پہلے ہی پیشن گوئی کردی تھی

ایک پادری کی 4 ماہ قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی پیش گوئی کرنے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

 سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہفتے کے روز انتخابی ریلی کے دوران گولی مار دی گئی تھی جس سے وہ زخمی ہو گئے تھے اور ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا جب کہ حملہ آور موقع پر ہی مارا گیا تھا۔

 فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوانیا کے بٹلر میں ریلی سے خطاب کے لیے اسٹیج پر تھے جب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، گولی بظاہر ٹرمپ کے دائیں کان میں لگی۔

 تقریر کے دوران گولیاں چلنے کے ساتھ ہی ٹرمپ نیچے جھک گئے اور ریلی میں بھگدڑ مچ گئی۔ چند لمحوں بعد، ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنی مٹھی ہوا میں لہراتے ہوئے، ان کے دائیں کان پر خون کے نشانات تھے۔ فوراً سیکرٹ سروس کے اہلکار ٹرمپ کو بازوؤں میں لے کر وہاں سے چلے گئے۔

 ٹرمپ پر حملے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پرانی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک پادری نے سابق امریکی صدر پر حملے اور اس کی نوعیت کی پیش گوئی کی تھی۔

 سابق امریکی صدر پر حملے کے چند گھنٹوں بعد، بہت سے ایکس (سابقہ ​​ٹویٹر) صارفین نے برینڈن بگس نامی پادری کی پیشن گوئی کا ویڈیو کلپ پوسٹ کیا، جسے اسی سال 15 مارچ 2024 کو  ویڈیوز کے لیے سوشل ویب سائٹ یوٹیوب پر  اپ لوڈ کیا گیا تھا۔

 بگس نے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ خدا نے انہیں بہت سی چیزوں کے بارے میں بتایا جو مستقبل قریب میں امریکہ میں ہونے والی ہیں۔

 
پادری نے کہا کہ میں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ دیکھا ہے جس میں ایک گولی ان کے سر سے گزر کر ان کے کان میں لگی، گولی سے ٹرمپ  کا کان زخمی ہو گیا اور وہ  اس سے نیچے گر گئے۔ '

 پادری نے مزید کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخاب جیت جائیں گے۔

 امریکی محقق جان گرین والڈ جونیئر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر تصدیق کی ہے کہ پادری کی پیشین گوئی کی ویڈیو 14 مارچ کو ریکارڈ کی گئی اور پھر یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی۔

 جس کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ یہ پیشین گوئی ٹرمپ کے حملے سے 4 ماہ قبل کی گئی تھی۔

 پادری کی ویڈیو میں کی گئی پیشین گوئی اور ٹرمپ پر تازہ حملے میں مماثلت دیکھ کر صارفین حیران اور پریشان ہوگئے۔

 واضح رہے کہ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا 20 سالہ مقامی نوجوان تھا جس کی شناخت تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی ہے جو مشرقی پنسلوانیا کا رہائشی ہے۔ تاہم ابھی تک حملے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی