مسقط عمان ؛ پاکستانی مسجد پر حملہ ، مسیحیوں نے بھرپور مدد اور خون کے عطیات دئے
مسقط عمان (رپورٹ؛ الماس بھٹی نمائندہ خصوصی) پاکستانی مسجد پر حملہ ، مسیحیوں نے بھرپور مدد اور خون کے عطیات دئے۔تفصیلات کے مطابق مسقط عمان میں علی بن ابو طالب مسجد پر یوم عاشورکے موقع پرعین اس وقت دہشت گردوں نے حملہ کردیا جب مسجد میں لوگوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔ حملے کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک عمانی پولیس کے اہلکار سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے۔
مسقط عمان میں نوائے مسیحی نمائندہ الماس بھٹی نے بتایا کہ حملے کے بعد بیس منٹ کے اندر اندر پاکستانی سفیر جناب عمران علی ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے لیے پہنچ گئے ۔اسی دوران یہاں پاکستانی مسیحی کمیونٹی بھی پہنچ گئ۔ جن میں پاسٹر زرش ڈینیئل اور ایلڈر ولیم جان سمیت دیگر مسیحی افراد شامل تھے۔
نوائے مسیحی نمائندہ نے بتایا کہ پاسٹر زرش اور ایلڈر ولیم جان نے چرچ ممبرز، مقامی پاکستانی مسیحی کمیونٹی اور ایلڈر ولیم جان نے اپنی کمپنی کے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ زخمیوں کو خون کے عطیات دیں جس پر مسیحی کمیونٹی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ، ناصرف خون کے عطیات دئے بلکہ زخمیوں کی ہر ممکن مدد بھی کی۔
اس موقع پر مسلم مسیحی ہم آہنگی اور ایک دوسرے کی مدد کے اس جذبے کو دیکھنے والوں نے سراہا اور اسے ایک اچھی مثال قرار دیا۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کی آگاہی اور مدد کے لیے عمان میں پاکستانی سفیر عمران علی نے ہیلپ لائن قائم کر کے نمبرز شیئر کیے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارت خانے کا عملہ اپنے شہریوں کی لاشوں کی شناخت اور ان کی وطن واپسی کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔پاکستان نے عمانی حکام کو محرم کے مہینے میں اس ’گھناؤنے جرم‘ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation