عید پینتیکوست پر عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے پاک ماس کی اقدس قربانی گزرانی

 



کیتھولک کیتھیڈرل فیصل آباد میں عید پینتیکوست کے اتوار کے موقع پر عزت مآ بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت کی قیادت میں پاک ماس کی اقدس قربانی گزرانی گئی اور 

 فادر ظفر اقبال نے پاک ماس میں معاونت کرتے ہوئے انجیلِ مقدس کی تلاوت کی سعادت حاصل کی ۔عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے اپنے پیغام میں کلامِ پاک کی روشنی میں فرمایا کہ کلیسیا ایک خاندان ہے جس کا سربراہ خود خداوند یسوع مسیح ہے۔ہمیں زندگی کے سفر کو مل جل کر طے کرنا چاہیے۔جس میں ہر طرح کے لوگوں کو شامل کرنا چاہیے۔بشپ جی نے بتایا کہ  خدا ایک ہےجو دنیا کا خالق اور مالک ہے۔وہ ہمیں روح القدس عطا فرماتا ہے جو آج بھی کلیسیا کی مدد و راہنمائی کرتا ہے۔کلیسیا کے چار نشانات ہیں کلیسیا ایک ہے، کلیسیا پاک ہے ، کلیسیا عالمگیر ہے اور کلیسیا رسولی ہے۔رسولی تعلیم ہمیں اعمال کی کتاب میں نظر آتی ہے ۔جیسے کہ ہمارے ہاں مقدس توما رسول آیا جس نے آ کر کلیسیا کا بیج بویا ہے جس کی وجہ سے کلیسیا قائم و دائم ہے۔اس کی بنیاد ایک مضبوط چٹان پر رکھی گئی ہے۔اس میں تعداد کی نہیں معیار کی بات ہے۔جب روح القدس آگ کے شعلوں کی مانند رسولوں پر  میں ظاہر ہوا تو انہوں نے بڑی قوت پائی اور وہ خداوند یسوع مسیح کے جی اٹھنے کی گواہی دلیری کے ساتھ دینے لگے۔

ہم خدا کے شکرگزار ہیں کہ کلیسیا کی بنیاد رکھے ہوئے 2024 سال ہو رہے ہیں اور یہ قائم و دائم ہے اور بڑھتی ہی چلی جا رہی ہے۔یہ سب کچھ پاک روح کے طفیل ہے۔ہم اسی پاک روح کے تابع ہیں کیونکہ یہی پاک روح ہماری مدد و راہنمائی کرتا ہے۔

پاک ماس میں بیماروں کی تندرستی،ملکی ترقی، خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

پاک ماس کے آخر میں عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت ،فادر ظفر اقبال،مناد صاحبان و مومنین نے کیک کاٹ کر ایک دوسرے کو عید پینتیکوست کی مبارکباد پیش کی ۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی