لاہور، 19 اگست 2024: صوبہ پنجاب کے دل لاہور سے تعلق رکھنے والی تین مسیحی بہنوں، ٹونکل سہیل، ویرونیکا سہیل، اور سبیل سہیل نے ساؤتھ افریقہ میں ہونے والے پاور لفٹنگ مقابلوں میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک ہی ایونٹ میں پانچ پانچ گولڈ میڈلز جیت کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی نے پاکستان کے عوام کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
ایم پی اے پنجاب عمانوئیل اطہر جولیس نے ان بہنوں کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی ہے۔ قرارداد میں تسلیم کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ایک ہی کھیل میں تین بہنوں کے پانچ پانچ گولڈ میڈل حاصل کرنا ایک ورلڈ ریکارڈ ہے، جو کہ نہایت قابل ستائش ہے۔
قرارداد کے متن میں پنجاب اسمبلی نے ٹونکل سہیل، ویرونیکا سہیل، اور سبیل سہیل کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ پاکستان کی ان مسیحی بیٹیوں کی محنت، لگن، جرات اور کارکردگی کو سراہا جائے اور ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ اس قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے قومی اعزازات دیے جائیں تاکہ مزید بچیاں اس کھیل میں دلچسپی لیں اور پاور لفٹنگ کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کریں۔
إرسال تعليق
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation