![]() |
| Natalie A. Baker Nominated as New US Ambassador to Pakistan, Raising Hopes for Stronger Bilateral Ties. Report: Amir Javed. |
اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینئر امریکی سفارت کار نیٹلی اے بیکر (Natalie A. Baker) کو پاکستان میں امریکہ کی نئی سفیر مقرر کرنے کے لیے نامزد کر دیا ہے۔ ان کی نامزدگی کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات، باہمی تعاون اور مثبت مکالمے کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے اعلان کے مطابق نیٹلی بیکر اس وقت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں قائم مقام ناظم الامور (Chargé d’Affaires) کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ ان کی نامزدگی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے، جہاں خارجہ تعلقات کی کمیٹی جائزہ لے گی اور بعد ازاں مکمل سینیٹ میں منظوری کا مرحلہ طے ہوگا۔ سینیٹ کی توثیق کے بعد ہی وہ باضابطہ طور پر سفیر کا منصب سنبھال سکیں گی۔
نیٹلی بیکر اگست 2024 میں پاکستان میں نائب سربراہِ مشن کی حیثیت سے تعینات ہوئی تھیں اور جنوری 2025 میں سفیر ڈونلڈ بلوم کی روانگی کے بعد امریکی سفارتی مشن کی سربراہی سنبھالی۔ وہ قطر، لیبیا، کویت اور دیگر اہم سفارتی مقامات پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
ان کی نامزدگی کے موقع پر مختلف حلقوں کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان کی سفارتی ذمہ داریاں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
اس موقع پر انسانی حقوق، مذہبی آزادی، جمہوری اقدار، اقلیتوں کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان مؤثر مکالمے اور تعاون کی اہمیت اجاگر کی جا رہی ہے۔
مسیحی اور دیگر مذہبی برادریوں کے لیے بھی یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط کے ذریعے مذہبی آزادی، مساوات، انصاف اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں کو مزید فروغ دینے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
نیٹلی اے بیکر کی نامزدگی پاک امریکہ تعلقات میں ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے، تاہم ان کی باضابطہ تقرری امریکی سینیٹ کی منظوری سے مشروط ہے۔
عامر جاوید
کوآرڈینیٹر، نیوم سٹی، سعودی عرب
