
ڈالفن پولیس فائرنگ سے زخمی عالیان کی عیادت کے لیے جبران مسیح گل کی قیادت میں وفد کا بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا دورہ
راولپنڈی (نوائے مسیحی نیوز)
راولپنڈی میں ڈالفن پولیس کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے مسیحی نوجوان عالیان کو بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں عوامی گورنر پنجاب کے اقلیتی کوآرڈینیٹر جبران مسیح گل کی قیادت میں ایک وفد نے ان کی عیادت کی۔
وفد میں سابق اقلیتی ممبر کنٹونمنٹ بورڈ شہزاد جارج، پاسٹر سائول سلیمان، پرویز سردار، زاہد انور (کوآرڈینیٹر ائزک ٹی وی راولپنڈی اسلام آباد)، شمعون بابر، چودھری آصف اور پاسٹر بابر بھٹی شامل تھے۔
وفد نے زخمی نوجوان کی خیریت دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر جبران مسیح گل نے ڈی ایم ایس سے مطالبہ کیا کہ عالیان کو فوری طور پر بہتر طبی سہولیات، مناسب کمرہ اور ایئر کنڈیشنڈ روم فراہم کیا جائے۔
وفد کی درخواست پر ہسپتال انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مریض کا کمرہ تبدیل کیا اور مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
اس موقع پر وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عالیان اور اس کے اہل خانہ کو انصاف دلانے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ دعوؤں کے بجائے عملی خدمت اور متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد پر یقین رکھتے ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation