چیئرمین سینٹ سمیت پاکستانی وفد کی پوپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت

چیئرمین سینٹ سمیت پاکستانی وفد کی پوپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت
چیئرمین سینٹ سمیت پاکستانی وفد کی پوپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت

چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی و پاکستانی وفد کی پوپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت

ویٹی کن سٹی: چیئرمین گیلانی کی ویٹی کن سٹی میں مذہبی تقریب میں شرکت پاکستان کی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور عالمی سطح پر کیتھولک برادری کے احترام کے پختہ عزم کی علامت ہے۔ ان کی موجودگی نے دنیا بھر کے مذاہب کے درمیان مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔


یہ افتتاحی مذہبی عبادت ایک بین الاقوامی سطح کی تقریب تھی، جس میں دنیا بھر کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی، پیرو کی صدر دینا بولورٹے، نائجیریا کے صدر بولا ٹنبو، کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی، آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز، اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن شامل تھے۔ یورپ کی شاہی شخصیات بشمول بیلجئم کے بادشاہ فلپ اور ملکہ ماتھلڈا، اور اسپین کے بادشاہ فلپے اور ملکہ لیتیثیا بھی اس موقع پر موجود تھے۔


پوپ لیو چودھویں، جو شکاگو میں پیدا ہوئے اور امریکی و پیرووی شہریت رکھتے ہیں، امریکہ اور پیرو دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ ہیں۔ انہوں نے اپنے خطبے میں امن، ہمدردی، اور اتحاد جیسے موضوعات پر زور دیا، اور عالمی مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔


اپنے دورہ ویٹی کن کے دوران چیئرمین گیلانی کی ویٹی کن حکام اور عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں امن کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، اور بین المذاہب تعاون کو آگے بڑھانے جیسے مشترکہ موضوعات پر بات چیت کی جائے گی۔


پاکستان مذہبی رواداری اور بقائے باہمی کے فروغ کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے، اور چیئرمین گیلانی کی اس تاریخی اور اہم تقریب میں شرکت عالمی سطح پر ہم آہنگی اور سمجھوتے کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کی تصدیق کرتی ہے۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

أحدث أقدم