تازہ ترین
موضوعات

*سال کے دوران بتیسویں ہفتے کی جمعرات

Nawai Masihi · ·

 

قمر الضیاء — *سال کے دوران بتیسویں ہفتے کی جمعرات
تحریر: قمر الضیاء

قمر الضیاء — *سال کے دوران بتیسویں ہفتے کی جمعرات
تحریر: قمر الضیاء

*سال کے دوران بتیسویں ہفتے کی جمعرات

قمر الضیاء

نعرہ حمد: تاک میں ہوں۔ تم ڈالیاں ہو۔ جو مجھ میں رہتا اور میں اس میں۔ وہ بہت پھل لاتا ہے۔

تیری بادشاہی آئے

اور جب فریسیوں نے اس سے پوچھا کہ خدا کی بادشاہی کب آئے گی؟ تو اس نے جواب میں ان سے کہا۔ کہ خدا کی بادشاہی نمود کے ساتھ نہیں آتی۔ اور نہ کہا جائے گا کہ دیکھو یہاں ہے یا وہاں۔ کیونکہ دیکھو۔ خدا کی بادشاہی تمہارے درمیان ہے۔ لوقا 17: 20-21

فریسی اپنے دور کے بہت سے یہودیوں کی طرح یہ توقع رکھتے تھے کہ خدا کی بادشاہی کسی ڈرامائی، ظاہری اور سیاسی انداز میں قائم ہوگی۔ وہ شاہِ داؤد کی نسل سے اُس مسیحا کے منتظر تھے جو اسرائیل کو رومی تسلط سے نجات دلائے، قومی خودمختاری بحال کرے اور دشمنوں پر فتح کے ساتھ ایک شاندار زمینی حکومت قائم کرے۔ ان کی توقع خالصتاً زمینی تھی روحانی نہیں تھی۔ چنانچہ خدا کی بادشاہی کی آمد کے بارے میں ان کا سوال خدا اور موجودہ لمحے میں اُس کے نجات بخش عمل کے حوالے سے ایک بنیادی غلط فہمی کو ظاہر کرتا ہے۔

ہو سکتا ہے کہ ان کا سوال محض تجسس سے بڑھ کر ہو۔ غالب امکان یہی ہے کہ یہ کوئی آزمائش یا جال تھا۔ فریسی اکثر یسوع سے نہ کہ اُس سے سیکھنے کے لیے بلکہ اُسے جھوٹا ثابت کرنے اور اُس کے وقار کو مجروح کرنے کے لیے سوالات کرتے تھے۔ محض انسانی دانش پر انحصار کرتے ہوئے انہوں نے اُس "دانش" کو خداوند کو بدنام کرنے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کیا۔ شاید انہیں امید تھی کہ یسوع جلد بازی میں کوئی حتمی وقت یا تاریخ بتا دیں گے جس سے انہیں اُس پر جھوٹی نبوت کا الزام لگانے یا عوام میں بے چینی پھیلانے کا موقع مل جاتا۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ مسیحا کے سب سے بڑے مخالف وہی مذہبی رہنما تھے جنہیں اُس کی راہ ہموار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

یسوع مسیح سیاسی یا ظاہری مسیحائی بادشاہی کے بارے میں ان کی غلط توقع کی اصلاح کرتے ہوئے یہ واضح کرتے ہیں کہ خدا کی حقیقی بادشاہی کوئی ایسی چیز نہیں جسے دنیاوی آنکھوں سے "دیکھا" جا سکے۔ یہ جغرافیائی یا سیاسی معنوں میں "یہاں" یا "وہاں" نہیں پائی جاتی۔ اس کے برعکس، وہ فرماتے ہیں: "خدا کی بادشاہی تمہارے درمیان ہے۔" یونانی عبارت جس کا ترجمہ "تمہارے درمیان" کیا گیا ہے اس کا مفہوم "تمہارے اندر" بھی ہو سکتا ہے؛ اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ بادشاہی یا توخود مسیح کی موجودگی کے ذریعے یا پھر ان لوگوں کے دلوں میں ہے جو ایمان رکھتے ہیں ان کے درمیان موجود ہے۔

مقدس اگسٹین "اے ہمارے باپ" کی تشریح میں سکھاتے ہیں کہ یہ التجا کہ "تیری بادشاہی آئے" دراصل خود مسیح کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ یسوع ہی بادشاہی ہے۔ جہاں وہ موجود ہے وہاں بادشاہی واقعی آ چکی ہے۔

اگر ہم اپنے خداوند سے پوچھیں کہ خدا کی بادشاہی کب آئے گی تو وہ سب سے پہلے ہمارے دلوں میں جھانک کر ہمارے سوال کی خلوصِ نیت کو پرکھیں گے۔ اگر وہ عاجزی اور سچائی کی تڑپ پائیں اور یہ دیکھیں کہ ہم کسی نشانی کے نہیں بلکہ خود اُن کے طالب ہیں تو وہ اپنی موجودگی ہم پر گہرے اور پرُاثر طریقوں سے ظاہر کریں گے۔

کیا ہم اس دنیا میں مسیح کی موجودگی کو محسوس کرتے ہیں؟ الٰہی تجسمِ کی بدولت، خدا کا بیٹا ہمارا بادشاہ اور مسیحا بے شمار طریقوں سے ہمارے درمیان موجود رہتا ہے۔ وہ ساکرامنٹوں میں، اپنے زندہ کلام میں، اپنی کلیسیا میں، اور ان لوگوں کی زندگیوں میں ہمارے درمیان موجود ہے جو محبت اور سچائی کے ساتھ اُس کی خدمت کرتے ہیں۔ وہ ہمارے اندر بھی موجود ہوتا ہے جب ہم دعا کرتے ہیں، خود کو اُس کے سپرد کرتے ہیں، فضل کے ذریعے اپنی مرضی کو اُس کی مرضی کے مطابق ڈھالتے ہیں اور دوسروں تک اُس کی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

اس کے باوجود، زندگی کے سفر میں اکثر ہم آج کے بجائے آنے والے کل کے لیے جیتے ہیں۔ ہم اس وقت کے بارے میں سوچتے ہیں جب حالات بہتر ہوں گے اور موجودہ لمحے میں مسیح کی مقدس موجودگی کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ فریسیوں کے برے نمونے سے سیکھتے ہوئے ہمیں دعوت دی جاتی ہے کہ ہم کسی دور کی یا تاخیر سے ملنے والی چیز کی تلاش نہ کریں بلکہ اُسے پہچانیں جو پہلے ہی یہاں موجود ہے، ہمارے درمیان بستا ہے، اور ہماری پہچان، ہماری محبت اور ہماری گواہی کا منتظر ہے۔

آج اس بات پر غور کریں کہ کیا ہم خدا کو کسی مستقبل کے لمحے یا کسی غیر معمولی نشانی میں تلاش کرتے ہیں جبکہ اس وقت اپنی زندگی میں اُس کی خاموش اور مستقل موجودگی کو نظر انداز کر دیتے ہیں؟ ان طریقوں پر غور کریں جن سے وہ دعا، فضل، پاک یوخرست اور ان لوگوں کے ذریعے ہمارے "درمیان" اور "اندر" موجود ہے جنہیں وہ ہمارے سامنے لاتا ہے۔ اس بات پر غور کریں کہ کیا ہم واقعی یقین رکھتے ہیں کہ اُس کی بادشاہی مسیح کے ذریعے پہلے ہی آ چکی ہے اور کیا ہم ہر دن اُس بادشاہی کے ساتھ رفاقت میں زندگی گزارتے ہیں۔ غور و فکر کے دوران اس احساس کو تازہ کریں کہ مسیح دور نہیں ہے۔ وہ یہیں ہے۔ وہ پہلے ہی پوشیدہ جلال کے ساتھ حکمرانی کر رہا ہے اور وہ ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اُسے دریافت کریں اور پورے دل سے اُس کی خدمت کریں۔

ہمارے خداوند اور بادشاہ، آپ کسی دور دراز سرزمین میں چھپے ہوئے کوئی دور کے حکمران نہیں ہیں۔ آپ یہیں، ہمارے درمیان اور اُن لوگوں کے اندر جو ایمان رکھتے ہیں موجود ہیں۔ آج ہمیں پاک یوخرست میں، اپنے کلام میں، اور ہمارے دلوں میں فضل کی خاموش جنبشوں میں اپنی موجودگی کو محسوس کرنے میں مدد فرمائیں۔ ہم کبھی بھی آپ کو کھوکھلی نشانیوں میں تلاش نہ کریں، بلکہ آپ کو وہاں پہچانیں جہاں آپ واقعی رہتے ہیں۔ پیارے خداوند، آج اور ہمیشہ ہمارے دلوں پر حکمرانی کریں، اور ہمیں اپنی بادشاہی کا زندہ گواہ بنائیں۔ خداوند یسوع ہمارا بھروسہ آپ پر ہے۔


نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز

اگر آپ بھی نوائے مسیحی میں لکھنا چاہتے ہیں تو رابطہ کریں

ضرور پڑھیںوہ خبریں اور رہنمائی جو ہر کسی کو جاننی چاہیے