تازہ ترین
موضوعات

پوپ لیو چہاردہم کو عالمی سائیکلنگ یونین کی جانب سے سائیکل کا تحفہ، کھیلوں کے ذریعے امن، اتحاد اور انسانی یکجہتی کا پیغام

Nawai Masihi · ·
Pope Leo XIV Receives Bicycle from UCI, Promotes Peace and Unity Through Sports
Pope Leo XIV Receives Bicycle from UCI, Promotes Peace and Unity Through Sports. Report: Amir Javed.

ویٹیکن سٹی (23 نومبر 2026) — پوپ لیو چہاردہم نے ویٹیکن میں عالمی سائیکلنگ برادری کے نمائندوں اور نامور سائیکل سواروں سے ملاقات کی، جہاں انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین (UCI) کے صدر ڈیوڈ لاپارٹینٹ نے انہیں سائیکل بطور تحفہ پیش کی۔

یہ خصوصی تقریب ویٹیکن کے ادارہ برائے ثقافت و تعلیم اور انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے تقریباً 100 سے زائد نامور سائیکل سواروں، سابق عالمی چیمپئنز، خواتین کھلاڑیوں اور پیرا سائیکلنگ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پوپ لیو چہاردہم نے سائیکلنگ کو دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سائیکل محض سفر کا ذریعہ نہیں بلکہ مختلف ثقافتوں کی تاریخ اور شناخت کا حصہ بھی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل انسانی زندگی میں مثبت اقدار، باہمی احترام اور روحانی بالیدگی کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ بن سکتے ہیں۔

پوپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سائیکلنگ انسان کو خاموشی، غوروفکر اور قدرت کی خوبصورتی کو قریب سے محسوس کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ ان کے مطابق سائیکل کا استعمال صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ ساتھ انسان کی روحانی اور داخلی زندگی کو بھی تقویت دے سکتا ہے۔

تقریب میں عالمی شہرت یافتہ سائیکل سوار ایڈی مرکس، مارک کیونڈش، کرس فروم، میگوئل اندورین، گریگ لیمنڈ اور دیگر ممتاز کھلاڑی بھی شریک ہوئے۔

پوپ لیو چہاردہم نے سائیکلنگ کے دوران پیش آنے والے حادثات میں جان گنوانے والے کھلاڑیوں اور عام شہریوں کو بھی یاد کیا اور ان کے لیے دعا کی اپیل کی۔

تقریب کے اختتام پر انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین، ایتھلیٹیکا ویٹیکانا اور کیریٹاس روم کے اشتراک سے ایک خصوصی فلاحی اقدام کے تحت ضرورت مند اور مشکل حالات سے دوچار نوجوانوں کے لیے 15 سائیکلیں عطیہ کی گئیں، تاکہ انہیں تعلیم، روزگار اور روزمرہ آمدورفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کھیلوں کو امن، بین الثقافتی مکالمے، سماجی شمولیت اور انسانی ہمدردی کے فروغ کے لیے مؤثر ذریعہ بنایا جانا چاہیے۔

عامر جاوید
رپورٹ
عامر جاوید
کوآرڈینیٹر، نیوم سٹی، سعودی عرب

نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز

www.nawaimasihi.co

واٹس ایپ: 03448872540

ضرور پڑھیںوہ خبریں اور رہنمائی جو ہر کسی کو جاننی چاہیے