
ماسکو، روس: روس کے دارالحکومت ماسکو میں واقع تاریخی کیتھیڈرل آف کرائسٹ دی سیویئر (Cathedral of Christ the Saviour) میں ایک بین الکلیسائی اجتماع منعقد ہوا، جس نے مسیحی اتحاد، باہمی احترام، مذہبی ہم آہنگی اور مشترکہ روحانی اقدار کی خوبصورت عکاسی کی۔
اس اجتماع کو حقیقی بین الکلیسائی یکجہتی کی ایک قابلِ تحسین مثال قرار دیا جا رہا ہے، جہاں مختلف مسیحی کلیسیاؤں کے رہنماؤں اور نمائندوں کے ایک ساتھ موجود ہونے کا منظر مسیحی برادری کے درمیان اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
مسیحی اتحاد کے اس پیغام کے ساتھ یہ امید بھی ظاہر کی گئی کہ مستقبل قریب میں کلیسیاؤں کے وہ تمام اعلیٰ روحانی پیشوا، جو فی الحال اس اتحاد کے دائرے میں موجود نہیں، دوبارہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور مسیحی یکجہتی کے لیے مشترکہ طور پر خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر انجیل مقدس کے الفاظ ’’تاکہ وہ سب ایک ہوں‘‘ (یوحنا 17:20-23) کو مسیحی اتحاد کے بنیادی پیغام کے طور پر پیش کیا گیا۔ خداوند یسوع مسیح نے اپنی دعا میں ایمانداروں کے درمیان ایسی وحدت کی خواہش ظاہر کی جو باپ اور بیٹے کے باہمی تعلق کی مانند ہو، تاکہ دنیا ایمان لائے کہ خدا نے انہیں بھیجا ہے۔
اسی طرح زبور 133:1 میں لکھا ہے: ’’دیکھو، یہ کیا ہی بھلی اور خوشی کی بات ہے کہ بھائی باہم مل کر رہیں۔‘‘
یہ اجتماع عالمی مسیحی برادری کے لیے ایک اہم یاد دہانی ہے کہ کلیسیاؤں کے درمیان اتحاد، محبت، مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دعا ہے کہ تمام مسیحی کلیسیائیں اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر خداوند یسوع مسیح کی تعلیمات کے مطابق ایک دوسرے کے ساتھ متحد رہیں اور دنیا میں امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں۔
عامر جاوید
کوآرڈینیٹر، نیوم سٹی، سعودی عرب
نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز