
پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ کو سائبر جرائم اور آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے آگاہی پروگرامز پر ملاقات
رپورٹ: عامر جاوید، کوآرڈینیٹر، نوائے مسیحی نیوم سٹی
لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز شاہ زیب خان، ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور اور صدر اکیڈمک ڈاکٹر امجد عباس منگسی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں طلبہ و طالبات کو سائبر جرائم اور مختلف آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر آگاہی پروگرامز کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران آن لائن ہراسگی، بلیک میلنگ، جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس، آن لائن فراڈ اور دیگر ڈیجیٹل جرائم سمیت نوجوانوں کو درپیش مختلف سائبر خطرات کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو سائبر جرائم سے بچاؤ کے عملی طریقوں، سوشل میڈیا کے محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال اور اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کے بارے میں آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات میں اس امر پر بھی بات کی گئی کہ اگر کسی طالب علم کو آن لائن ہراسگی، فراڈ، بلیک میلنگ یا کسی اور ڈیجیٹل جرم کا سامنا ہو تو وہ معاملے کو نظر انداز کرنے کے بجائے بروقت متعلقہ اداروں سے رابطہ کرے۔
شرکاء کے مطابق نوجوانوں میں ڈیجیٹل سیفٹی اور سائبر سکیورٹی سے متعلق شعور پیدا کرنے کے لیے تعلیمی اداروں اور متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں طلبہ تک سائبر جرائم سے متعلق احتیاطی معلومات پہنچانے اور آگاہی سرگرمیوں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث نوجوانوں کے لیے آن لائن تحفظ کے بنیادی اصولوں سے واقفیت پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گئی ہے۔