
Pakistan and Russia Agree to Strengthen Security Cooperation as Field Marshal Asim Munir Meets Russian Interior Minister. Report: Amir Javed.
رپورٹ: (عامر جاوید کوآرڈینیٹر، نوائے مسیحی نیوم سٹی)
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کے روز جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے سکیورٹی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون و رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفادات، بالخصوص سکیورٹی کے شعبے میں عملی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
یہ ملاقات روسی وزیر داخلہ کے پاکستان کے چار روزہ دورے کے دوران ہوئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
عامر جاوید
کوآرڈینیٹر، نیوم سٹی، سعودی عرب