| روما مشتاق مٹو کی آرچ بشپ بینی ٹراواس سے ملاقات میں سندھ کرسچن فیملی لاز بل 2026 پر مشاورت |
کراچی، 16 ستمبر 2026ء: پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور روما مشتاق مٹو نے سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل کراچی میں آرچ بشپ ہز گریس بینی ٹراواس سے ملاقات کی۔
ملاقات میں مجوزہ سندھ کرسچن فیملی لاز بل 2026ء سمیت مسیحی برادری سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرچ بشپ بینی ٹراواس نے مجوزہ قانون کے حوالے سے کیتھولک چرچ کے آئینی، قانونی اور کلیسیائی تحفظات و تجاویز پیش کیں۔
ملاقات میں شادی و طلاق کے قوانین، مذہبی آزادی، آئین کے آرٹیکل 20، چرچ کی خودمختاری، مسیحی فرقوں کی مذہبی شناخت اور قانون سازی کے عمل میں مسیحی مذہبی قیادت و اسٹیک ہولڈرز کی بامعنی مشاورت پر بھی گفتگو ہوئی۔
روما مشتاق مٹو نے یقین دہانی کرائی کہ مسیحی مذہبی قیادت اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو قانون سازی کے عمل میں اعتماد میں لینے کے لیے مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مجوزہ بل کے معاملے پر مزید مشاورت جاری رکھی جائے گی تاکہ قانون سازی آئینی تقاضوں، بنیادی حقوق، مذہبی آزادی اور چرچ کی خودمختاری سے ہم آہنگ ہو۔
ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation