ریسکیو 1122 کے مسیحی اہلکار سنیل عارف کی انسانیت کے لیے قابلِ تحسین خدمت

 

Rescue 1122 EMT Sunil Arif holding newborn baby in Rahim Yar Khan
رحیم یار خان میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ماں اور نومولود کی مدد کی۔

رحیم یارخان (16 ستمبر 2026): رات کی خاموشی میں ایک غریب خاندان کی فریاد پر ریسکیو 1122 کے جوان بروقت پہنچے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ننھی زندگی کو دنیا میں خوش آمدید کہا۔


اس کارروائی میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن (EMT) سنیل عارف نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری پوری کرتے ہوئے زچگی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔ سنیل عارف کا تعلق مسیحی برادری سے ہے، تاہم ان کی خدمت کا دائرہ کسی مذہب، برادری یا طبقے تک محدود نہیں بلکہ وہ ریسکیو 1122 کے پلیٹ فارم سے ہر ضرورت مند انسان کی بلاامتیاز خدمت انجام دے رہے ہیں۔


جناح پارک گلی نمبر 5 میں حاملہ خاتون کی ہنگامی کال موصول ہونے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ زچگی کا وقت مکمل ہوچکا ہے اور بچے کی پیدائش کسی بھی لمحے متوقع ہے۔ ایسے نازک وقت میں EMT سنیل عارف نے اپنی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے موقع پر زچگی کا عمل مکمل کروایا۔


خداوند کے فضل و کرم سے ایک صحت مند لڑکے کی پیدائش ہوئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ماں اور نومولود کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد دونوں کو مزید طبی معائنے کے لیے شیخ زاید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔


یہ واقعہ اس حقیقت کی خوبصورت مثال ہے کہ انسانیت کی خدمت کسی مذہب، رنگ یا برادری کی پابند نہیں۔ سنیل عارف جیسے مسیحی نوجوان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ذریعے عملی طور پر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہری مل کر انسانیت کی خدمت اور معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔


ریسکیو 1122 کے جوانوں کی یہ بروقت کارروائی نہ صرف ایک ماں اور بچے کے لیے زندگی کا سبب بنی بلکہ یہ بھی ثابت کرتی ہے کہ مشکل کی گھڑی میں انسانیت سب سے پہلے ہے۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی