
فوکل پرسن ہانیہ مریم کی گمشدہ سنیل مسیح کے اہل خانہ سے ملاقات، بازیابی کے لیے اقدامات کا جائزہ
سیالکوٹ (نوائے مسیحی نیوز) گمشدہ سنیل مسیح کی بازیابی کے لیے اقدامات تیز، ہانیہ مریم کی اہل خانہ سے ملاقات
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی ہدایت پر فوکل پرسن ٹو منسٹر ہانیہ مریم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ میں گمشدہ 28 سالہ نوجوان سنیل مسیح کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے گمشدگی کے واقعے کے حوالے سے تفصیلی معلومات اور حقائق حاصل کیے۔
ملاقات کے دوران ہانیہ مریم نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ اقلیتی امور سنیل مسیح کی بازیابی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ہانیہ مریم نے سنیل مسیح کی گمشدگی کے معاملے پر متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کی اور کیس میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ڈی پی او سیالکوٹ کو فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لانے اور سنیل مسیح کی جلد از جلد بازیابی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
بعد ازاں ہانیہ مریم نے اہل خانہ کے ہمراہ تھانہ صدر سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایس ایچ او اور تفتیشی افسر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کیس کی موجودہ صورتحال، تفتیشی مراحل اور ممکنہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولیس حکام نے متاثرہ خاندان اور حکومتی نمائندوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ہانیہ مریم نے کہا کہ سنیل مسیح کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی، اخلاقی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں، جدید تفتیشی ذرائع اور مسلسل نگرانی کے نتیجے میں سنیل مسیح کو جلد از جلد بازیاب کروا لیا جائے گا اور اہل خانہ کی پریشانی کا خاتمہ ہوگا۔
متاثرہ خاندان نے حکومتی نمائندوں کی آمد، دلچسپی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سنیل مسیح کی جلد واپسی ممکن بنائی جائے گی۔
ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation