سیور مین شبیر مسیح کی ہلاکت پر فیصل آباد میں احتجاج، مزدور تنظیموں کا انصاف کا مطالبہ

 

فیصل آباد میں سیور مین شبیر مسیح کی ہلاکت پر احتجاج
مزدور تنظیموں کا فیصل آباد میں احتجاجی مظاہرہ

فیصل آباد (رپورٹ: عدیل ابراہیم کھوکھر، نوائے مسیحی کوآرڈینیٹر) پاکستان لیبر قومی موومنٹ، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن اور حقوقِ خلق پارٹی کے زیر اہتمام واسا فیصل آباد کی مبینہ غفلت کے خلاف چوک ضلع کونسل میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ٹریڈ یونینز، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔


مظاہرین نے “قاتل قاتل واسا قاتل”، “ظالمو جواب دو، خون کا حساب دو” اور “شبیر مسیح کی فیملی کو انصاف دو” کے نعرے لگائے۔ شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔


شبیر مسیح کی موت پر تشویش

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان لیبر قومی موومنٹ بابا لطیف انصاری نے کہا کہ شبیر مسیح محکمہ واسا میں مستقل ملازم تھا اور بطور سیور مین اپنی خدمات انجام دے رہا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چند روز قبل متعلقہ افسران نے حفاظتی آلات کے بغیر شبیر مسیح کو سیور میں اتارا جہاں دم گھٹنے کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ غریب مزدوروں کی زندگیاں قیمتی ہیں اور حفاظتی انتظامات کے بغیر ایسے خطرناک کام لینا انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔


ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

مقررین نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کے ذمہ دار افسران کے خلاف فوری فوجداری مقدمہ درج کیا جائے اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ تمام سیور مینوں اور دیگر ملازمین کو حفاظتی آلات فراہم کیے جائیں اور کسی بھی ملازم سے بغیر سیفٹی انتظامات کے خطرناک کام نہ لیا جائے۔


مزدور تنظیموں کی اظہارِ یکجہتی

دیگر رہنماؤں عمران شاہ، اشتیاق قادر، محمد طیب، وقار ہنس، اسلم معراج، یوسف عدنان اور ایوب نے شبیر مسیح کی فیملی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انصاف ملنے تک ان کی آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مزدور طبقے کے حقوق کا تحفظ حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس طرح کے واقعات پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔



Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی