مسیحی مذہبی راہنماؤں کو بھی ماہانہ وظیفہ دیا جائے ایم پی اے عمانوئیل اطہر جولیس کی قرارداد

پنجاب اسمبلی میں مسیحی پادریوں کے لیے ماہانہ وظیفے کی قرارداد جمع

پنجاب اسمبلی میں مسیحی پادریوں کے لیے ماہانہ وظیفے کی قرارداد جمع


لاہور (نمائندہ نوائے مسیحی) مسیحی مذہبی راہنماؤں کو بھی ماہانہ وظیفہ دیا جائے ایم پی اے عمانوئیل اطہر جولیس کی قرارداد تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اقلیتی رکن اسمبلی عمانوئیل اطہر جولیس کی جانب سے ایک اہم قرارداد جمع کرائی گئی ہے جس میں مسیحی مذہبی راہنماؤں کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے اعتراف کے لیے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

 قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسیحی پادری ملک میں مذہبی ہم آہنگی، سماجی خدمات اور اقلیتی برادری کی رہنمائی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم انہیں آج تک حکومتی سطح پر کسی مستقل مالی سہولت سے محروم رکھا گیا ہے۔


قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ جس طرح دیگر مذاہب کے مذہبی رہنماؤں کے لیے مختلف سہولیات اور اعزازی مراعات موجود ہیں، اسی طرز پر مسیحی مذہبی راہنماؤں کے لیے بھی باقاعدہ اور شفاف طریقہ کار کے تحت ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جانا چاہیے تاکہ وہ بلا خوف و دباؤ اپنی مذہبی و سماجی خدمات جاری رکھ سکیں۔


 قرارداد میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ مسیحی مذہبی راہنما نہ صرف عبادات کی انجام دہی کرتے ہیں بلکہ تعلیم، اخلاقیات، سماجی اصلاح اور امن کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔


صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی اس قرارداد کو متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی کے لیے منظور کیا گیا ہے اور اسے آئندہ اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیے جانے کی توقع ہے۔


 مسیحی حلقوں نے اس اقدام کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئےاُمید ظاہر کی ہے کہ پنجاب حکومت اس قرارداد کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عملی اقدامات کرے گی، جس سے اقلیتی برادری میں احساسِ محرومی کے خاتمے اور اعتماد کی فضا کو فروغ ملے گا۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی