اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ریاستی مشینری پوری طرح متحرک ہے ؛ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ



ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کا آئین ہر شہری کو اپنے  مذہب اور عقیدے کے  مطابق زندگی بسر کرنے کا مکمل حق دیتا ہے پاکستان  میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ریاستی مشینری پوری طرح متحرک  ہے اور کسی کو اپنے نظریات اور عقائد کسی دوسرے مذہب یا فریقے پر زبردستی مسلط کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاتی۔


 یہ بات انہوں نے ضلعی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔مختلف مذاہب اور مسالک  کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی مسیحی کمیونٹی کے عمائدین نے ضلعی انتظامی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کھروٹا سیداں  میں مسیحی کمیونٹی کے تحفظات اور خدشات کے ازالہ کے لیے بروقت اقدام کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے شر پسند عناصر پر نظر رکھیں اور ان کا سختی سے  محاسبہ کریں  تاکہ امن کی خوشگوار فضا کسی کو  خراب کرنے کا موقع نہ مل سکے۔


 ڈپٹی کمشنر نے مسیحی  سمیت تمام اقلیتی مذاہب کے عمائدین کو یقین دلایا   کہ ان کو بطور پاکستانی حاصل حقوق کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ذمہ داری  ہے اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فرد گزاشت  نہیں کیا جائے گا انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں برداشت اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

جدید تر اس سے پرانی