
دلِ زار تُو بھی بدل کہیں کہ جہاں کے طور بدل گئے۔
یہ مصرعہ صرف شاعری نہیں، بلکہ ہماری زندگی کی ایک کڑوی حقیقت ہے۔ دنیا بدل گئی ہے، زمانہ بدل گیا ہے، لوگوں کے طور طریقے بدل گئے ہیں، لیکن ہم آج بھی اپنے پرانے دکھوں، پرانی یادوں اور پرانی سوچوں کو سینے سے لگائے بیٹھے ہیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہمارے ساتھ ویسا ہی سلوک کریں جیسا پہلے کرتے تھے، ہم چاہتے ہیں کہ رشتے ویسے ہی رہیں، محبتیں ویسی ہی رہیں، مگر یہ ممکن نہیں۔ جس طرح موسم بدلتے ہیں، اسی طرح انسانوں کے مزاج بھی بدل جاتے ہیں۔ جو کل تک ہمارے قریب تھے، آج وہ دور ہو گئے۔ جو کل تک ہمیں چاہتے تھے، آج وہ ہمیں پہچانتے بھی نہیں۔
اصل سوال یہ ہے کہ جب جہاں کے طور بدل گئے تو ہم کیوں نہیں بدلے؟ ہم کیوں آج بھی اسی دلِ زار کو لے کر پھرتے ہیں جو ہر بات پر ٹوٹ جاتا ہے، ہر دکھ پر رو پڑتا ہے، ہر بے وفائی پر تڑپ اٹھتا ہے۔ بدلنا بے وفائی نہیں، بدلنا کمزوری نہیں، بلکہ بدلنا زندگی کی ضرورت ہے۔
بدلنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنی محبت، اپنی سچائی اور اپنی انسانیت کو چھوڑ دیں۔ بدلنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنے دکھوں کو طاقت بنائیں، اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھیں اور اپنے دل کو اتنا مضبوط کریں کہ دنیا کی بے رخی اسے توڑ نہ سکے۔
اے دلِ زار! اب تو بھی بدل جا۔ ان یادوں کو بھلا دے جو تجھے راتوں کو جگاتی ہیں۔ ان لوگوں کو معاف کر دے جنہوں نے تجھے دکھ دیا۔ اپنے آپ کو خداوند کے سپرد کر دے، کیونکہ وہی دل بدلنے والا ہے۔ جب دل بدل جائے گا تو جہاں کے بدلے ہوئے طور بھی تمہیں دکھ نہیں دیں گے۔
یاد رکھو، جو خود کو بدل لیتا ہے، زمانہ اس کے قدموں میں جھک جاتا ہے۔
بقول شاعر پروفیسر یوسف پرواز ۔
شام و سحر کی قید سے نکل کر دیکھ !
زمانہ نہیں بدلتا تو خود کو بدل کے دیکھ
نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز
اگر آپ بھی نوائے مسیحی میں لکھنا چاہتے ہیں تو رابطہ کریں