
Historic Diwali Gathering in Rahim Yar Khan Wins Hearts of Minority Communities. Report: Sulman Munassi.
رحیم یار خان: ڈیجیٹل میڈیا ایڈیٹر نوائے مسیحی سلمان منسی نے رحیم یار خان میں ہندو برادری کے تہوار دیوالی کے موقع پر دیوالی ملن ریلی اور میلے کے شاندار اور کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
سلمان منسی نے اپنے بیان میں کہا کہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ، کانجی رام، پنڈت کلاش کمار اور پنڈت اشوک کمار کی محنت، لگن، بہترین منصوبہ بندی اور مشترکہ کوششوں سے یہ شاندار پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ یہ رحیم یار خان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور تاریخی پروگرام ہے، جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کرکے اسے یادگار بنا دیا۔ پہلی مرتبہ اس انداز میں رحیم یار خان کی اقلیتی برادری کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں نمبردار طاہر مارٹن، ڈاکٹر نیہا جمیل، قمر سیمسن، ورنن اینتھنی، کاشف بوائز، بشپ سٹیفن صدیق، ابراہیم تحسین، انصر مٹو، فادر ریاض گوسل سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور اقلیتی برادری کے ہزاروں افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کی بڑی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ایسے مثبت اقدامات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پروگراموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سلمان منسی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے اپنے عملی اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں۔
ان کے اس وژن کو صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نہ صرف آگے بڑھا رہے ہیں بلکہ عملی طور پر اس پر عمل درآمد کرکے بھی دکھا رہے ہیں۔ اقلیتی برادری کو قومی تقریبات میں شامل کرنا، ان کے مذہبی تہواروں میں شرکت کرنا اور ان کی خوشیوں کو حکومتی سطح پر منانا ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام صرف تہوار منانے تک محدود نہیں ہوتے بلکہ یہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان محبت، بھائی چارے، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ رحیم یار خان جیسے تاریخی اور کثیرالمذاہب ضلع میں اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
آخر میں سلمان منسی نے سردار رمیش سنگھ اروڑہ، کانجی رام، پنڈت کلاش کمار، پنڈت اشوک کمار اور تمام منتظمین کو ایک کامیاب، یادگار اور تاریخی تقریب کے انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں بھی اقلیتی برادری کی ترقی، خوشحالی، حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔

سلمان منسی
ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر، ڈیجیٹل میڈیا ایڈیٹر، رحیم یار خان