
قلعہ سیف اللہ (رپورٹ: شکیل انجم ساون) — ضلع قلعہ سیف اللہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک مسیحی بیٹی نے محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل تقرری کا پروانہ حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ جاوید مسیح کی صاحبزادی، اوجا جاوید مسیح نے اقلیتی کوٹہ پر تمام مراحل عبور کرتے ہوئے پولیس کانسٹیبل کا تقرری آرڈر حاصل کر لیا ہے، جسے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے ضلع اور مسیحی برادری کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل اور فخر کا لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عزم، محنت اور خواتین کی خود مختاری کی جیت
قلعہ سیف اللہ جیسے روایت پسند اور قبائلی پس منظر رکھنے والے علاقے میں ایک مسیحی خاتون کا پولیس فورس کا حصہ بننا سماجی اور انتظامی سطح پر ایک مثبت اور حوصلہ افزا تبدیلی کی علامت ہے۔ اوجا جاوید مسیح کی اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر اقلیتی برادری کی بیٹیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں اور وردی پہن کر ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ بخوبی انجام دے سکتی ہیں۔
اقلیتی قیادت کی جانب سے خراجِ تحسین اور حکومت سے اظہارِ تشکر
اس تاریخی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین بلوچستان پشتون بیلٹ مینارٹی ایکشن الائنس، وکی بھٹی نے اپنی صوبائی، ضلعی اور تحصیل کابینہ کی جانب سے اوجا جاوید مسیح، ان کے والد جاوید مسیح اور پورے خاندان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک ملازمت کا آرڈر نہیں بلکہ اقلیتی بیٹیوں کی محنت، ہمت اور دعاؤں کی جیت ہے جس نے آج ہر باپ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
وکی بھٹی نے اقلیتی کوٹہ پر شفاف عملدرآمد یقینی بنانے اور حقدار کو اس کا حق دینے پر حکومتِ بلوچستان اور محکمہ پولیس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے برادری کی تمام بیٹیوں کو پیغام دیا کہ وہ اوجا جاوید مسیح کو اپنا رول ماڈل بناتے ہوئے تعلیم اور محنت کے ذریعے آگے بڑھیں تاکہ کل وہ بھی اپنے والدین اور قوم کا نام روشن کر سکیں۔
نوائے مسیحی کا پیغام
"نوائے مسیحی" ضلع قلعہ سیف اللہ کی پہلی مسیحی خاتون پولیس کانسٹیبل اوجا جاوید مسیح کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعاگو ہے کہ خدا انہیں اس نئی ذمہ داری میں سرخرو کرے، عزت و ترقی عطا فرمائے اور ان کی یہ کامیابی علاقے کی دیگر اقلیتی بچیوں کے لیے بھی ترقی کے نئے دروازے کھولنے کا باعث بنے۔

شکیل انجم ساون
بانی و سربراہ
نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز