تازہ ترین
موضوعات

سال کے دوران تینتسیوں ہفتے کا بدھ

Nawai Masihi · ·
تحریر  قمر الضیاء — سال کے دوران تینتسیوں ہفتے کا بدھ
تحریر: تحریر قمر الضیاء

نعرہ حمد: جو مسیح کے کلام پر عمل کرتا ہے۔ اس میں خدا کی محبت کامل ہو گئی ہے۔

الہٰی توقعات

اس نے یوں کہا کہ ایک امیر آدمی دوردراز ملک کو چلا۔ تاکہ اپنے لئے بادشاہی حاصل کر کے پھر آئے۔ اس نے اپنے غلاموں میں سے دس کو بلا کر دس امنا انہیں دئیے اور ان سے کہا۔ کہ میرے واپس آنے تک لین دین کرو۔ لوقا ٍ19: 12-13

آج کا انجیلی بیان یسوع کے جلیل سے یروشلم تک کے طویل سفر کے اختتام پر پیش کیا گیا ہے۔ شمال سے شروع ہونے والا یہ سفر اب اپنے عروج کو پہنچتا ہے۔ ’دس امنا کی تمثیل‘ سنانے کے فوراً بعد یسوع گدھے پر سوار ہو کر مقدس شہر میں داخل ہوتے ہیں اور لوگ بلند آواز میں پکارتے ہیں: ”مبارک ہے وہ بادشاہ۔ جو خداوند کے نام سے آتا ہے۔ آسمان پر سلامتی۔ اور عالمِ بالا پر جلال“ (لوقا 38:19)۔ اُن کا یہ شاہانہ داخلہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ لمحہ آ پہنچا ہے مگر اُس انداز میں نہیں جس کی زیادہ تر لوگوں کو توقع تھی۔

جب یسوع یروشلم کی جانب بڑھ رہے تھے تو نئے شاگردوں کے ہجوم اُن کے پیچھے چلنے لگے۔ کچھ لوگ اُن کی پُراثر وعظ و تبلیغ سے، کچھ اُن کے معجزاتی کاموں سے، اور کچھ اُن کے ساتھ ہونے والی ذاتی، قریبی اور زندگی بدل دینے والی ملاقاتوں کے سبب متاثر تھے۔ اگرچہ زائرین ہر سال عیدِ فصح کے موقع پر یروشلم کا سفر کرتے تھے لیکن اس سال ایک خاص قسم کی امید اور بے تابی کا ماحول تھا۔ بہت سے لوگ یسوع کو طویل عرصے سے متوقع ’مسیحا‘ مانتے تھے اور اُن کا خیال تھا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے جب مسیحا اپنی بادشاہت کا اعلان کرے گا، بنی اسرائیل کے بارہ قبیلوں کو متحد کرے گا، رومی تسلط کا خاتمہ کرے گا اور ایک شاندار نئے دور کا آغاز کرے گا۔ لوگوں کا جوش و خروش صاف محسوس کیا جا سکتا تھا۔

درحقیقت خداوند یسوع اپنی بادشاہت کے قیام کے لیے یروشلم میں داخل ہو رہے تھے لیکن یہ وہ سیاسی یا عسکری حکمرانی نہیں تھی جس کا تصور بہت سے لوگ کر رہے تھے۔ بلکہ یہ ’فضل کی بادشاہت‘ تھی جو صلیب سے وجود میں آئی اور جی اُٹھنے (قیامت) کے ذریعے جس پر مہر ثبت ہوئی۔ یہاں تک کہ بارہ رسولوں کے لیے بھی اس راز کو سمجھنا مشکل تھا۔ اُن کی یہ غلط فہمی ’یسوع کے دکھوں‘کے المناک واقعات جب یہوداہ غداری کرتا ہے، پطرس انکار کرتا ہے، اور باقی شاگرد خوفزدہ ہو کر بھاگ جاتے ہیں میں عیاں ہوتی ہے۔ صرف مبارک کنواری مریم، یوحنا رسول اور چند وفادار خواتین ثابت قدم رہیں جبکہ یسوع جو بادشاہوں کا حقیقی بادشاہ ہے اس نے ایک ایسا مشن مکمل کیا جو انسانی توقعات سے کہیں بڑھ کر تھا۔

آج یسوع جو تمثیل بیان کرتے ہیں، وہ اسی الہی حقیقت کی عکاسی کرتی ہے۔ وہ عالی مرتبت شخص جو بادشاہت حاصل کرنے کے لیے دور دراز ملک کا سفر کرتا ہے اور بعد میں واپس آتا ہے خود یسوع کی علامت ہے؛ وہ جو جلد ہی اپنے دکھوں اور آسمان پر اُٹھائے جانے کے ذریعے اس دنیا سے رخصت ہونے والا تھا تاکہ بعد میں ظاہری اور دائمی جلال کے ساتھ واپس آ سکے۔ وہ غلام جنہیں سکے سونپے جاتے ہیں، ہم سب کی نمائندگی کرتے ہیں جنہیں اُن کی ظاہری غیر موجودگی کے دوران ایمان کے ساتھ زندگی گزارنے کی دعوت دی گئی ہے۔ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ جو کچھ انہیں ملا ہے اسے بروئے کار لائیں، اس میں اضافہ کریں اور پھل لائیں، نہ کہ خوف یا روحانی غفلت کے عالم میں ہاتھ پر ہاتھ دھارے بیٹھے رہیں۔

یسوع یہ جانتے ہوئے کہ آگے کیا ہونے والا ہے ہجوم کے غلط تصورات کی اصلاح کرنا چاہتے تھے۔ اُن کی بادشاہی کسی نمائش یا دنیاوی طاقت کے ساتھ قائم نہیں ہونی تھی۔ اس کا آغاز عاجزی سے جیسے مٹی میں چھپا ہوا کوئی بیج سے ہونا تھا۔ اور اس کی نشوونما اُن لوگوں کی وفاداری کے ذریعے ہونی تھی جو ایمان لاتے، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے اور اُن کی واپسی کے لیے مستعد رہتے ہیں۔

بادشاہ کی رعایا میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو نہیں چاہتے تھے کہ وہ اُن پر حکومت کرے۔ یہ اُن لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے جنہیں مسیحا سے غلط توقعات وابستہ تھیں اور ساتھ ہی یہ اُن تمام غلط توقعات کی بھی عکاسی کرتا ہے جو ہم اُس وقت خدا سے وابستہ کر لیتے ہیں جب ہم اُس کی بادشاہی کے مفہوم کو صحیح طور پر نہیں سمجھ پاتے۔ تمثیل میں، جب بادشاہ واپس آیا تو اُس نے اپنی بادشاہی کو رد کرنے والوں کے بارے میں کہا: "لیکن میرے اُن دشمنوں کو جنہوں نے نہ چاہا کہ میں اُن پر بادشاہی کروں یہاں لاو اور میرے سامنے قتل کرو" (لوقا 27:19)۔ یہ الفاظ جو دنیا کے نجات دہندہ کی زبان سے ادا ہوئے چونکا دینے والے ہیں لیکن انہیں ہمیں یسوع کی اُس حقیقی بادشاہی ایک ایسی بادشاہی جو انسانی توقعات سے کہیں بالاتر اور عظیم تر ہے کو تلاش کرنے کی ترغیب دینی چاہیے جس کا آغاز کرنے وہ آئے تھے۔

آج خدا سے وابستہ اپنی توقعات پر غور کریں۔ کیا ہم کبھی یہ خواہش کرتے ہیں کہ ہماری زندگی کے لیے اُس کا منصوبہ ہماری اپنی مرضی کے مطابق ہو؟ کیا ہم اُس کی بادشاہی جو طاقت اور دنیاوی شان و شوکت کے بجائے ایثار اور بے غرض محبت کی طرف لے جاتی ہے کو قبول کرنے کے لیے تیار ہیں؟ ہمارے خداوند سے یہ فضل مانگیں کہ ہم ہر اُس غلط توقع کو ترک کر سکیں اور اُس حیرت انگیز اور جلالی انداز کو اپنا سکیں جس کے ذریعے وہ فضل، قربانی اور بھروسے کے ساتھ ہماری زندگیوں میں حکمرانی کرنا چاہتے ہیں۔

انتہائی جلالی بادشاہ، ہم اکثر آپ پر اپنی توقعات تھوپتے ہیں اور اپنی زندگیوں میں آپ کی الہی بادشاہی کو قبول کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ براہِ کرم ہمیں اپنے خیالات اور خواہشات کی حدود سے آزاد کریں۔ ہمیں یہ فضل عطا فرمائیں کہ ہم مکمل بھروسے کے ساتھ آپ کی طرف رجوع کریں، اس دنیاوی جلاوطنی کے دور میں وفاداری سے محنت کریں، اور ہر دن آپ کی جلالی واپسی کے انتظار میں بسر کریں جب آپ تمام مخلوقات کو اپنی ابدی بادشاہی کے تحت مکمل اطاعت میں لے آئیں گے۔ خداوند یسوع ہمارا بھروسہ آپ پر ہے۔


نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز

اگر آپ بھی نوائے مسیحی میں لکھنا چاہتے ہیں تو رابطہ کریں

www.nawaimasihi.co

WhatsApp 03448872540

ضرور پڑھیںوہ خبریں اور رہنمائی جو ہر کسی کو جاننی چاہیے