![]() |
| Faisalabad: New Zealand Visitors Support Late Shabbir Masih’s Family and Children’s Education. Report: Adeel Khokhar. |
پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور حقوقِ خلق پارٹی پنجاب کے رہنماؤں بابا لطیف انصاری اور پروین لطیف انصاری نے نیوزی لینڈ سے فیصل آباد تشریف لانے والے انسان دوست مہمانوں رونلڈ اور بینا کو خوش آمدید کہتے ہوئے شبیر مسیح مرحوم کے خاندان کی مالی معاونت اور ان کے بچوں کی تعلیم کے لیے تعاون کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مئی 2026 میں نواباں والا، بھٹہ چوک فیصل آباد میں سیور مین شبیر مسیح دورانِ ڈیوٹی تقریباً 20 فٹ گہرے گٹر میں اترے، جہاں زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہو گئی۔ اس افسوسناک واقعے پر پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور حقوقِ خلق پارٹی نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھرپور آواز اٹھائی، جس کے بعد واسا فیصل آباد کی جانب سے بھی متاثرہ خاندان کی مدد کی گئی۔
انسانی حقوق کی کارکن ماہ رخ ثمن لال، جو مسیحی نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے سرگرمِ عمل ہیں، نے امن گھر آفس پاکستان لیبر قومی موومنٹ سے رابطہ کیا۔ تنظیم کے سیکٹر صدر امجد علی آزاد نے انہیں شبیر مسیح مرحوم کے متاثرہ خاندان سے ملوایا، جس کے بعد ماہ رخ ثمن لال نے مرحوم کی بیوہ اور بچوں کی مالی معاونت کی۔
اب دوبارہ نیوزی لینڈ سے تشریف لانے والے معزز مہمانوں رونلڈ اور بینا نے شبیر مسیح مرحوم کی بیوہ رخشندہ اور ان کے بچوں سے ملاقات کی اور بچوں کی تعلیم کے اخراجات میں تعاون کے ساتھ خاندان کی مالی مدد بھی کی۔ متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد معزز مہمان ہمارے گھر تشریف لائے، جہاں ساتھیوں کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ملاقات اور تبادلۂ خیال ہوا۔
اس موقع پر فیصل آباد میں ستھرا پنجاب کے تحت کام کرنے والے سینیٹری ورکرز اور سیور مینوں کے حالاتِ کار، انہیں درپیش مشکلات، دورانِ ڈیوٹی حفاظتی انتظامات اور محنت کشوں کے بنیادی حقوق کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بابا لطیف انصاری، چیئرمین پاکستان لیبر قومی موومنٹ و صدر حقوقِ خلق پارٹی پنجاب، اور پروین لطیف انصاری، ویمن ورکرز الائنس، نے معزز مہمانوں کو فیصل آباد آمد پر خوش آمدید کہا اور انسانیت کی خدمت، بچوں کی تعلیم اور محنت کش خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ شبیر مسیح مرحوم جیسے محنت کشوں کی اموات ہمارے صنعتی و شہری نظام میں کارکنوں کی حفاظت کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھاتی ہیں۔ سیور مینوں کو زہریلی گیسوں سے بچانے کے لیے مناسب حفاظتی آلات، گٹر میں اترنے سے پہلے گیس کی جانچ، آکسیجن کی دستیابی، حفاظتی تربیت اور ہنگامی امداد کے مؤثر انتظامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ سرکاری ادارے سیور مینوں اور سینیٹری ورکرز کے لیے محفوظ حالاتِ کار یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی محنت کش کو روزگار کے دوران اپنی جان سے ہاتھ نہ دھونا پڑے۔
پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور حقوقِ خلق پارٹی پنجابنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محنت کشوں کے حقوق، محفوظ روزگار، سماجی تحفظ اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
عدیل کھوکھر
ممبر، سعیدآباد، فیصل آباد
