تازہ ترین
موضوعات

فیصل آباد کی ٹیکسٹائل پاور لوم انڈسٹری بحران کا شکار، ہزاروں مزدور بے روزگار

Nawai Masihi · ·


(فیصل آباد ) رپورٹ ۔۔۔۔۔۔۔۔عدیل ابراہیم کھوکھر  نوائے مسیحی ڈویژنل  کوارڈینیٹر بابا لطیف انصاری کی قیادت میں وفد کی ڈائریکٹر لیبر ویسٹ رائے یسین سرفراز کھرل سے ملاقات، بند فیکٹریوں کی فہرستیں جمع کروا دیں


فیصل آباد: پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین اور حقوقِ خلق پارٹی پنجاب کے صدر بابا لطیف انصاری کی قیادت میں ایک وفد نے ڈائریکٹر لیبر ویسٹ رائے یسین سرفراز کھرل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فیصل آباد کی ٹیکسٹائل پاور لوم انڈسٹری کو درپیش سنگین بحران، فیکٹریوں کی بندش اور ہزاروں مزدوروں کے بے روزگار ہونے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


اس موقع پر وفد نے فیصل آباد میں بند ہونے والی فیکٹریوں کی فہرستیں ڈائریکٹر لیبر ویسٹ رائے یسین سرفراز کھرل کو جمع کروائیں اور مطالبہ کیا کہ فیکٹریوں کی غیر قانونی تالہ بندی اور مزدوروں کو بے روزگار کیے جانے کے معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے۔


وفد کے شرکاء نے کہا کہ چین سے تیار شدہ کپڑے کے کنٹینرز کی آمد سے فیصل آباد کی مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری متاثر ہو رہی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں لانگ مارچ اور گورنر راج کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے صنعتکاروں کی جانب سے فیکٹریاں بند کیے جانے سے بھی مزدور طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔ فیکٹریوں کی بندش کے باعث ہزاروں محنت کشوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور ان کے خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔


پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور حقوقِ خلق پارٹی پنجاب نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصل آباد کی چھوٹی اور سمال انڈسٹری کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے، صنعتی بحران پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مزدوروں کے روزگار، قانونی حقوق اور واجبات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔


رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے اور مزدوروں کو درپیش مسائل حل نہ کیے تو پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور حقوقِ خلق پارٹی پنجاب بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔


ملاقات میں شیخ نثار، رانا ریاض، فیض بندیشہ، عرفان اقبال، رانا عظیم، عارف ایاز، محمد اشرف، ملک ممتاز، خورشید احمد، شاہد موچھا، رانا فخر، جاوید جٹ، چاچا فصل کریم سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

ضرور پڑھیںوہ خبریں اور رہنمائی جو ہر کسی کو جاننی چاہیے