![]() |
| نیو کراچی میں مسیحی اور ہندو برادری کے افراد کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا پروگرام |
کراچی (رپورٹ: شفاقت صادق، کمیونٹی میڈیا کوآرڈینیٹر، نوائے مسیحی): کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے نیو کراچی میں منعقدہ ایک شمولیتی پروگرام میں مسیحی اور ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد افراد اور خاندانوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
کراچی کے ضلع وسطی، نیو کراچی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کی قیادت میں ایک شمولیتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں مختلف مذہبی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سیاسی طور پر مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
تقریب میں وزیراعظم پبلک افیئرز یونٹ کے رکن اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر درشن پنشی نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے افراد اور خاندانوں کا خیرمقدم کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ مختلف مذہبی اور سماجی برادریوں کی سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں شرکت جمہوری عمل کا حصہ ہے۔
شرکاء کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور پارٹی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
ڈاکٹر درشن پنشی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں تمام مذہبی اور سماجی برادریوں کا کردار اہم ہے۔ ان کے مطابق مختلف برادریوں کو ساتھ لے کر چلنا اور عوامی خدمت کے لیے کام کرنا ضروری ہے۔
پروگرام کے میزبان ضلعی صدر اسلم خٹک، سینیئر نائب صدر شیری علی اور اقلیتی رہنما راجیش کمار تھے۔
تقریب میں علی اکبر، زاہد شاہ میر، شاہد علی شاہ، امر داس، عنیب شاہ، راجیش مولانی، پروین بشیر سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے افراد کو مبارکباد پیش کی گئی جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
نوائے مسیحی کے مطابق یہ پروگرام کراچی میں مسیحی اور ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کے حوالے سے منعقد ہونے والی ایک اہم سرگرمی تھی۔

ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation