یومِ تکبیر کی شاندار تقریب راولپنڈی میں منعقد، سیاسی و سماجی شخصیات اور اقلیتی رہنماؤں کی بھرپور شرکت

یوم تکبیر تقریب تاج میرج ہال نصیر آباد راولپنڈی میں سیاسی و اقلیتی رہنماؤں کی شرکت
راولپنڈی میں یومِ تکبیر کے موقع پر منعقدہ تقریب کا منظر

راولپنڈی (نمائندہ نوائے مسیحی نیوز)28 مئی یومِ تکبیر کے موقع پر راولپنڈی کے تاج میرج ہال، نصیر آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ڈویژنل صدر و رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار اور رکن صوبائی اسمبلی ملک منصور افسر کی قیادت میں کیا گیا۔


تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی اور اقلیتی رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے یومِ تکبیر کی قومی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے جب ملک نے کامیاب ایٹمی دھماکوں کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا اور دنیا میں ایک مضبوط ایٹمی قوت کے طور پر اپنی شناخت قائم کی۔


اس موقع پر رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب، سابق میئر راولپنڈی سٹی سردار محمد نسیم، رکن صوبائی اسمبلی محترمہ زیب النساء اور رکن صوبائی اسمبلی محترمہ اسماء ناز عباسی بھی شریک ہوئیں۔ مقررین نے اپنے خطابات میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔


تقریب میں مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ راولپنڈی ڈویژن کے ڈویژنل صدر کامران بھٹی، جنرل سیکرٹری سیموئیل بشیر، نائب صدر طارق مسیح گل، ضلع صدر راولپنڈی شہزاد بشیر کھوکھر، جنرل سیکرٹری فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری ریاض اختر، سینئر نائب صدر رزاق رضا، نائب صدر انور چاند بھٹی اور میڈیا کوآرڈینیٹر احسن شاؤ بھی موجود تھے۔


راولپنڈی سٹی سے سمسن اقبال، اکمل غوری اور ہارون نذیر نے بھی تقریب میں شرکت کی جبکہ اقلیتی کونسلر چکلالہ کینٹ ایلو بھائی، پیٹر سلیم، وسیم بیگ اور چوہدری نذیر سمیت دیگر معزز شخصیات اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔


شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

راولپنڈی میں یومِ تکبیر کے موقع پر منعقدہ تقریب کا منظر


Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

أحدث أقدم