
اقلیتوں کے مسائل پر صوبائی وزیر سے اہم ملاقات
لاہور / کمالیہ ( رپورٹ، عدیل اشرف جان سندھو، سٹی کوآرڈینیٹر ،نوائے مسیحی نیوز)صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور حکومت پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑا کے ساتھ ایم پی اے طارق گل کی قیادت میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے مسیحی وفود نے ملاقات کی، جس میں مسیحی برادری کو درپیش مسائل، عبادت گاہوں کی بحالی اور قبرستانوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے بھر میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں عبادت گاہوں اور قبرستانوں کی بحالی کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ اقلیتی برادری کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو یکساں حقوق دینے پر یقین رکھتی ہے اور اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مسیحی رہنما اشرف جان سندھو نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا اور ایم پی اے طارق گل کی خدمات کو مسیحی برادری کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔
وفود کی جانب سے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ خصوصاً کمالیہ میں مسیحی عوام کو درپیش مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔ اس دوران کمالیہ کرسچن قبرستان کے لیے آئندہ 2026 کے ترقیاتی بجٹ میں جنازہ گاہ اور قبرستان کی چار دیواری کو شامل کرنے پر حکومت پنجاب اور صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا گیا۔
مزید برآں، کمالیہ کرسچن قبرستان کی تعمیر و مرمت کے لیے فنڈز کی فراہمی پر مقامی مسیحی برادری نے خصوصی اظہار تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اقلیتی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ عبادت گاہوں، قبرستانوں اور اقلیتی آبادیوں کی ترقی کے لیے ایسے اقدامات نہ صرف خوش آئند ہیں بلکہ یہ بین المذاہب ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
ملاقات میں فوکل پرسن داود شریف سھوترا، کامران بھٹی، وائس چیئرمین مینارٹی ایڈوائزری کونسل ڈاکٹر عظیم کنول چوہان، ممبر مینارٹی ایڈوائزری کونسل انیل سھوترا اور طاہر طفیل سمیت دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation