مقدس عمانوئیل سپردِ خاک، صادق آباد میں نمازِ جنازہ ادا،حتمی رپورٹ کا انتظار

muqadas-emmanuel-funeral-sadiqabad
muqadas-emmanuel-funeral-sadiqabad


صادق آباد/کراچی (رپورٹ: سلمان منسی، ڈیجیٹل میڈیا ایڈیٹر، اشفاق مسیح لوکل کانٹکٹ پرسن) شیریں جناح کالونی، کراچی سے ملنے والی کمسن بچی مقدس عمانوئیل کو اس کے آبائی گاؤں صادق آباد، ضلع رحیم یار خان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

 مرحومہ کی نمازِ جنازہ مقامی کیتھولک چرچ میں ادا کی گئی، جہاں فادر صاحب نے مذہبی رسومات ادا کروائیں۔ مقدس عمانوئیل چند روز قبل کراچی میں شیریں جناح کالونی سے ملنے والی دو کمسن بچیوں کے واقعے میں شدید متاثر ہونے کے بعد زیرِ علاج تھی، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکی۔ابتدائی معلومات کے مطابق، مقدس کی میت کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد سول ہسپتال کراچی سے ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے اس کے آبائی علاقے صادق آباد روانہ کیا گیا۔

 یہ تمام مراحل رکن سندھ اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور روما مشتاق مٹو نے اپنی نگرانی میں کرائے۔دوسری جانب، پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے جسم پر کسی قسم کے تشدد یا جنسی زیادتی کے واضح شواہد نہیں ملے۔

 تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حتمی نتائج لیبارٹری ٹیسٹ، کیمیکل اینالیسس، ہسٹوپیتھالوجی اور ڈی این اے رپورٹس کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔میڈیکل رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ بچی ٹائپ ون ذیابیطس کی مریضہ تھی، جسے تفتیش کے دوران ایک اہم طبی پہلو کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی رپورٹ آنے تک کسی بھی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت قرار دیا جا رہا ہے۔ 

 چیئرمین نوائے مسیحی شکیل انجم ساون نے متاثرہ خاندان کی بھرپور مدد کرنے پر رکن سندھ اسمبلی رومہ مشتاق مٹوکے تعاون کو سراہا ۔

Comments

Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation

أحدث أقدم