
ویٹی کن سٹی: پوپ لیو چہاردہم نے عالمی یومِ نوجوانان کے ڈائیوسیس سطح پر انعقاد سے قبل روم کے علاقے لازیو (Lazio) کے مختلف ڈائیوسیسز سے تعلق رکھنے والے ہزاروں نوجوانوں سے ملاقات کی اور انہیں ایمان، روحانی پاکیزگی، بلاوے کی پہچان اور اعترافِ گناہ کی اہمیت پر خصوصی رہنمائی فراہم کی۔
یہ ملاقات ویٹی کن کے پال ششم ہال (Paul VI Audience Hall) میں منعقد ہوئی، جہاں نوجوانوں نے پوپ سے مختلف سوالات کیے۔ پوپ لیو چہاردہم نے ان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نوجوانوں کو کلیسیا میں متحد ہو کر روحانی سفر جاری رکھنے کی تلقین کی۔
پوپ نے اپنے پیغام میں کہا: ’’جس کے دل میں خدا بستا ہو، اس کے لیے کوئی بھی دور نہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلتے ہیں تو زندگی کے مشکل لمحات پر قابو پانا ہمیشہ آسان ہو جاتا ہے۔
اس ملاقات میں روم کی غیر ملکی برادریوں سے تعلق رکھنے والے دوسری نسل کے 225 نوجوانوں نے بھی شرکت کی، جو مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والے نوجوانوں کی کلیسیائی زندگی میں شمولیت اور اتحاد کی خوبصورت مثال ہے۔
روم کے وِیکار کارڈینل بالدو رینا نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ روم کی کلیسیا اُن تمام افراد کے اتحاد کی گواہی دیتی رہے گی جنہوں نے مسیح سے ملاقات کے ذریعے اپنی زندگیوں میں تبدیلی اور نئی روحانی امید پائی ہے۔
پوپ لیو چہاردہم کا یہ پیغام نوجوان نسل کو ایمان میں مضبوط رہنے، اپنی روحانی منزل تلاش کرنے اور کلیسیا کے ساتھ متحد ہو کر محبت، بھائی چارے اور امید کا سفر جاری رکھنے کی دعوت دیتا ہے۔
عامر جاوید
کوآرڈینیٹر، نیوم سٹی، سعودی عرب
نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز