تازہ ترین
موضوعات

*سال کے دوران تینتسیوں ہفتے کا سوموار

Nawai Masihi · ·

تحریر  قمر الضیاء — *سال کے دوران تینتسیوں ہفتے کا سوموار
تحریر: تحریر  قمر الضیاء
 

تحریر  قمر الضیاء — *سال کے دوران تینتسیوں ہفتے کا سوموار
تحریر: تحریر قمر الضیاء

*سال کے دوران تینتسیوں ہفتے کا سوموار

تحریر قمر الضیاء

نعرہ حمد: اے خداوند تیرے قواعد پائیدار ہیں اور ابد الاآباد تک قائم رہتے ہیں۔

رحم کے لئے پکارنا

پھر ایسا ہوا کہ جب وہ یریحو کے نزدیک آیا تو ایک اندھا راہ کے کنارے پر بیٹھا ہوا بھیک مانگ رہا تھا۔ اس نے ہجوم کو گزرتے سنا اور پوچھنے لگا کہ کیا ہو رہا ہے؟ اسے بتایا گیا کہ یسوع ناصری جا رہا ہے۔ اس نے چلا کر کہا۔ اے یسوع دائود کے بیٹے مجھ پر رحم کر۔ جو آگے جاتے تھے انہوں نے اسے جھڑکا کہ چپ رہے۔ مگر وہ اور بھی چلایا کہ دائود کے بیٹے مجھ پر رحم کر۔ لوقا 18: 35-39

آج بہت سے معاشروں میں نابینا، معذور، بیمار یا مصیبت زدہ افراد کے ساتھ دیکھ بھال اور وقار کا سلوک کیا جاتا ہے۔ معاشروں نے ایسے قوانین اور نظام وضع کیے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ جسمانی معذوری کے شکار افراد کو بھرپور زندگی گزارنے کے مواقع ملیں۔ خداوند یسوع کے دور میں اکثر صورتِ حال اس کے برعکس تھی۔ نابینا پن یا فالج جیسی جسمانی تکالیف کو الہی سزا کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ بہت سے لوگوں کا ماننا تھا کہ ایسی حالتیں خود متاثرہ شخص، یا اس کے والدین یا دادا دادی/نانا نانی کے گناہوں کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ اس پس منظر میں خداوند یسوع کا اُس نابینا شخص کے ساتھ برتاؤ نہ صرف ہمدردانہ بلکہ حیران کن بھی تھا۔ اُس شخص کو جو وقار خداوند یسوع نے بخشا اُس نے اُسے مسیحا کے مشن کی ایک طاقتور علامت بنا دیا۔

اُس منظر کا تصور کریں۔ یسوع امیر شہر ’یریحو‘ کے قریب پہنچتے ہیں، اور وہ نابینا شخص جسے نظر انداز کر دیا گیا ہے اور معاشرے کے حاشیے پر دھکیل دیا گیا ہے راہ کے کنارے بیٹھا ہے۔ زیادہ تر راہگیروں نے غالباً اُسے بغیر سوچے سمجھے نظر انداز کر دیا ہوگا۔ روحانی اعتبار سے یہ نابینا شخص ہم میں سے ہر ایک کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہم سب روحانی نابینا پن کا شکار ہیں۔ ہم سب موروثی گناہ کی حالت میں پیدا ہوتے ہیں اور خدا کے رحم کے محتاج ہیں۔ مقدس مرقس کی انجیل میں اُس شخص کا نام ’برتیمائی‘بتایا گیا ہے۔ لیکن مقدس لوقا شاید جان بوجھ کر اُس کے نام ذکر نہیں کرتے تاکہ ہم اُس میں خود کو بے نام بے بس مگر امید سے بھرپور زیادہ آسانی سے دیکھ سکیں ۔

اس کے برعکس یسوع کے دور کے بہت سے مذہبی رہنما فقہیوں، فریسی اور بزرگ خود کو روحانی طور پر برتر سمجھتے تھے۔ وہ اپنی خود ساختہ راست بازی پر بھروسہ کرتے تھے اور دوسروں کو حقارت کی نظر سے دیکھتے تھے۔ نابینا بھکاری اور مذہبی اشرافیہ کے درمیان یہ تضاد ہم میں سے ہر ایک کو یہ سوال کرنے کی دعوت دیتا ہے کہ ہم خود کو کس گروہ سے منسوب کرتے ہیں۔ کیا ہم خود کو ’روحانی طور پر غریب‘ اور رحم کی ضرورت سے آگاہ سمجھتے ہیں؟ یا ہم خود کو فضل کے بغیر ہی خود کفیل اور پاک سمجھتے ہیں؟ صرف تب ہی جب ہم اپنی روحانی غربت کو تسلیم کرتے ہیں، ہم خلوصِ دل سے پکار سکتے ہیں: ” اے یسوع دائود کے بیٹے مجھ پر رحم کر!‘‘

یسوع کو "داؤد کے بیٹے" کے طور پر پکار کر اس نابینا شخص نے یسوع پر موعودہ مسیحا کے طور پر اپنے ایمان کا اظہار کیا۔ یہ ایمان کا ایک ایسا جرات مندانہ عمل تھا جو اُس شخص کی جانب سے سامنے آیا جس نے کبھی کوئی معجزہ نہیں دیکھا تھا مگر اس کے باوجود اُس نے بھروسہ کیا۔

شاید اس ملاقات کا سب سے زیادہ متاثر کن لمحہ وہ مزاحمت ہے جس کا سامنا برتیمائی کو کرنا پڑا "جو آگے جاتے تھے انہوں نے اُسے جھڑکا کہ چپ رہے۔" یہ آوازیں اُن بہت سی رکاوٹوں کی علامت ہیں جن کا سامنا ہمیں خدا کی طرف رجوع کرتے وقت کرنا پڑتا ہے یعنی دنیا کی آوازیں، ہماری اپنی بے لگام خواہشات، گناہ کی عادت، اور یہاں تک کہ شیطانی قوتوں کی آوازیں۔ یہ آوازیں ہمیں اپنی قدر و قیمت پر یقین رکھنے اس بات پر بھروسہ کرنے کہ خدا ہماری سنتا ہے اور دعا میں ثابت قدم رہنے سے باز رکھتی ہیں۔

اس کے باوجود برتیمائی "اور بھی چلایا۔" جھڑکے جانے کے باوجود اُس کا یہ اصرار دعا کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ جب ہم شک میں پڑنے، تھک جانے یا یہ یقین کرنے لگیں کہ خدا ہماری نہیں سن رہا تو ٹھیک اسی وقت ہمیں اور بھی زیادہ شدت سے دعا کرنی چاہیے۔ سچا ایمان اٹل ہوتا ہے۔ یہ مشکلات کے سامنے ہمت نہیں ہارتا بلکہ اور مضبوط ہوتا ہے۔

جب یسوع رکتے اور اُس نابینا شخص کو بلاتے ہیں تو سب کچھ بدل جاتا ہے۔ وہ لمحہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے خداوند کا اقدس دل متوجہ ہے، جواب دینے کے لیے تیار اور رحم سے معمور ہے۔ یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ ہر مخلص، عاجزانہ اور مستقل مزاجی پر مبنی دعا خدا کے دل کو چھوتی اور اُس کی طرف سے ردعمل کا باعث بنتی ہے۔

اگرچہ یسوع کا ظاہری ردعمل اُس شخص کو شفا دینا تھا لیکن گہرا ردعمل اُس کی پیروی کرنے کی وہ اندرونی دعوت تھی جسے اُس نابینا شخص نے پورے دل سے قبول کیا: "اور وہ اسی دم بینا ہو گیا اور خدا کی تمجید کرتا ہوا اس کے پیچھے ہو لیا۔" جب دوسروں نے یہ دیکھا تو وہ بھی خوش ہوئے اور خدا کی تمجید کی۔

آج اس نابینا بھکاری پر غور کریں اور خود کو اُس کی جگہ رکھ کر دیکھیں۔ خود کو صحت مند، ممتاز یا دولت مند نہ سمجھیں بلکہ غریب اور حاجت مند سمجھیں۔ اُسی عاجزی کے ساتھ، پورے یقین کے ساتھ پکاریں: "اے یسوع، مجھ پر رحم کر!" مسلسل ایسا کریں اور بڑے ایمان کی اُس باطنی دعوت کے منتظر رہیں تاکہ ہم دیکھ سکیں، یسوع کی زیادہ وفاداری سے پیروی کر سکیں اور اپنی زندگی، ایک ایسی زندگی جو مسیحا، یعنی داؤد کے بیٹے کے لمس سے فیض یاب ہوئی ہو کے ذریعے خدا کے جلال کے گواہ بن سکیں۔

اے یسوع، داؤد کے بیٹے، ہم پر رحم کر! اے خداوند، یہ دعا ہمارے اور تمام لوگوں کے لیے ہماری مستقل پکار بن جائے۔ ہمارے اندر سے ہر قسم کا تکبر اور راست بازی کا گمان دور فرمائیں، اور اس نابینا بھکاری کی صورت میں جو آپ کے رحم کے لیے پکار رہا ہے ہمیں اس کے اندر خود کو دیکھنے کی توفیق عطا کریں۔ جب ہم آپ کے فضل کی دعوت پر ہاں کہیں، توہم پورے جوش و خروش کے ساتھ آپ کی پیروی کریں، آپ کا جلال ظاہر کریں اور دوسروں کو بھی آپ کے نور میں چلنے کی خوشی میں شامل کریں۔ خداوند یسوع ہمارا بھروسہ آپ پر ہے۔


نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز

اگر آپ بھی نوائے مسیحی میں لکھنا چاہتے ہیں تو رابطہ کریں

ضرور پڑھیںوہ خبریں اور رہنمائی جو ہر کسی کو جاننی چاہیے