تازہ ترین
موضوعات

تعلیم، شعور یا صرف ڈگری؟ ڈاکٹر شاہد ایم شاہد

Nawai Masihi · ·

 

ڈاکٹر شاہد ایم شاہد — تعلیم، شعور یا صرف ڈگری؟
تحریر: ڈاکٹر شاہد ایم شاہد

ڈاکٹر شاہد ایم شاہد — تعلیم، شعور یا صرف ڈگری؟
تحریر: ڈاکٹر شاہد ایم شاہد

تعلیم، شعور یا صرف ڈگری؟

ڈاکٹر شاہد ایم شاہد

تعلیم و تربیت کو ہر قوم کی سب سے قیمتی میراث کہا جاتا ہے۔ اس کا آغاز انسان کی پیدائش کے ساتھ ہی ہو جاتا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے انسان کے اندر زندگی کی روح پھونکی، تو اسے عقل، شعور، ادراک اور فہم و فراست کی صلاحیت بھی عطا کی۔ زمانہ کوئی بھی ہو، انسان نے ہمیشہ تعلیم و تربیت سے استفادہ کیا ہے۔ تعلیم وہ چراغ ہے جس نے جہالت کی تاریکی کو دور کیا، علم و دانش کے دروازے کھولے، سائنسی ایجادات کو فروغ دیا، نظم و ضبط کی بنیاد رکھی اور انسان کو جینے کا نیا سلیقہ سکھایا۔ تاریخ کے اوراق پلٹ کر دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ انسان نے ترقی کی جو بھی منازل طے کیں، ان کے پیچھے تعلیم کے بنیادی عناصر کارفرما رہے۔ معاملہ مذہبی ہو، معاشرتی ہو، سماجی ہو یا تہذیب و تمدن کی روایات کا ہو، ان سب کے پیچھے تعلیم کا شعور شامل ہے۔

انسان فطرتاً سوچ بچار اور تلاش کرنے والا موجد ہے۔ وہ وقت کے ساتھ نئی ترکیبوں، دریافتوں اور ایجادات کا متلاشی رہتا ہے۔ ارسطو، افلاطون اور امام غزالی جیسے دانشوروں نے تعلیم کی بدولت آنے والی نسلوں کے لیے جو علوم دریافت کیے، وہ آج بھی ان کی فکری اور علمی شخصیت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ یونان کی تاریخ آج بھی ان کے فن، علم اور شخصیت کا ذکر کرتی ہے۔ درحقیقت تعلیم و تربیت انبیاء کی میراث ہے، جس میں علم کی پیاس بھی ہے اور تربیت کا مقصد بھی زندہ ہے۔ اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ تعلیم شعور کا ایک دروازہ ہے، جس سے اہل دانش کو گزرنے کا موقع ملتا ہے۔ ایک پڑھے لکھے اور ان پڑھ شخص میں اتنا ہی فرق ہے جتنا آسمان اور زمین کے درمیان ہے۔ اس اچھوتی مثال سے انسان تعلیم کی اہمیت کا اندازہ لگا سکتا ہے جو اسے شعور ، پرکھ اور آخرت کا درس دیتی ہے۔

اگر مذکورہ بالا باتوں کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کیا جائے تو آج دنیا میں شعور، روشنی، ترقی، علوم، ٹیکنالوجی اور مختلف شعبہ جات میں جو ترقی نظر آتی ہے، ان سب کے پیچھے شعور کی آنکھ ہے۔ لیکن یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے؛ کیا تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا ہے یا شعور کی بیداری؟ آج اکثر دیکھا جاتا ہے کہ ڈگریاں تو بکثرت حاصل کی جا رہی ہیں، مگر شعور، کردار اور سماجی ذمہ داری کا فقدان نظر آتا ہے۔ ایسی تعلیم جس میں انسانیت، اخلاق، دیانت اور سوچ کی آزادی شامل نہ ہو،وہاں ڈگری ایک کاغذی سند بن کر رہ جاتی ہے۔ حقیقی تعلیم وہ ہے جو انسان کے اندر سوال کرنے، سمجھنے، پرکھنے اور صحیح فیصلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرے۔ تعلیم کا اصل امتیاز یہی ہے کہ وہ صرف معلومات کا انبار نہ ہو، بلکہ شعور کی روشنی اور تربیت کا سفر بھی شامل ہو۔

تعلیم کے بغیر انسان کی زندگی ادھوری ہے۔ تعلیم انسان کو اندھیرے سے روشنی کی طرف لے جاتی ہے، اسی لیے اقوام متحدہ سے لے کر ہر معاشرے تک تعلیم کو بنیادی حق کہا جاتا ہے۔ لیکن تعلیم کے ساتھ تربیت کا ہونا بھی ضروری ہے۔


نوائے مسیحی، ہر مسیحی کی آواز

اگر آپ بھی نوائے مسیحی میں لکھنا چاہتے ہیں تو رابطہ کریں

ضرور پڑھیںوہ خبریں اور رہنمائی جو ہر کسی کو جاننی چاہیے