![]() |
بشپ اقبال دانش اور سلیمان ساگر کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چک نمبر 462 گ ب کو ماڈل ویلج قرار دینے کی اپیل
سمندری (نوائے مسیحی نیوز) : معروف مذہبی و سماجی رہنما اور انٹرنیشنل پیس ایمبیسیڈر بشپ اقبال دانش اور سلیمان ساگر نے مشترکہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ چک نمبر 462 گ ب سمندری، ضلع فیصل آباد کو دیگر ماڈل ویلجز کی طرح ماڈل ویلج قرار دے کر اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ چک نمبر 462 گ ب ایک تاریخی اور اہم مسیحی گاؤں ہے جہاں سب سے پہلے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے CMS ہائی اسکول قائم کیا گیا۔ اس ادارے میں نہ صرف مسیحی بلکہ بڑی تعداد میں مسلمان طلبہ بھی تعلیم حاصل کرتے ہیں اور بعد ازاں مختلف سرکاری و نجی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں مسیحی برادری کے تعلیمی ادارے، ہسپتال اور فلاحی مراکز عوام کو بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں جبکہ پاک فوج سمیت تمام قومی اداروں میں بھی مسیحی برادری بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ مسیحی برادری نے ملک کی ترقی، استحکام اور دفاع کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور وہ اپنی مادرِ وطن پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
بشپ اقبال دانش اور سلیمان ساگر نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ چک نمبر 462 گ ب سمندری، ضلع فیصل آباد کی تاریخی، تعلیمی اور سماجی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ماڈل ویلج قرار دیا جائے تاکہ یہاں کے رہائشی جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

إرسال تعليق
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation