![]() |
عید پینتیکوست سنڈے سروس – سینٹ جان باسکو کیتھولک چرچ، ابو الحسن کالونی |
رپورٹ (رحیم یار خان نواے مسیحی ضلع کوارڈینیٹر دانش الیاس)
مورخہ 8 جون 2025 بروز اتوار، ابو الحسن کالونی کے سینٹ جان باسکو کیتھولک چرچ میں پینتیکوست سنڈے کی روح پرور عبادت منعقد ہوئی۔ یہ دن کلیسیا میں روح القدس کے نزول کی یاد میں منایا جاتا ہے اور مسیحی ایمان کی بنیادوں میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
اس خصوصی عبادت میں کلامِ مقدس کی خدمت ریورنڈ فادر عمانویل شریف (پیرش پریسٹ، ہولی کراس کیتھولک چرچ، رحیم یار خان) نے انجام دی۔ اُنہوں نے روح القدس کے کام، کلیسیا کی روحانی زندگی میں اس کی رہنمائی اور موجودہ دور میں اس کے اثرات پر پرمغز اور بیدار کُن پیغام دیا۔
عبادت میں ابو الحسن کالونی کے سینٹ جان باسکو کیتھولک چرچ سے تعلق رکھنے والے مرد، خواتین، بزرگ اور نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ عبادت کے دوران دعا، مناجات، تسبیح، اور خوش الحان گیتوں کے ذریعے خداوند کے حضور شکرگزاری اور روحانی جوش و جذبے کا اظہار کیا گیا۔
اختتام پر تمام حاضرین کے لیے اجتماعی دعائے خیر کی گئی اور ایک دوسرے کے ساتھ روح القدس کی خوشی بانٹی گئی۔ یہ بابرکت اجتماع کمیونٹی میں اتحاد، محبت اور روحانی تجدید کا سبب بنا۔
إرسال تعليق
Show discipline and civility while commenting and don't use rude words. Thanks for your cooperation